دبئی ۔30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں جاری ایشز سیریز کے دوران امپائرنگ کا معیار زیر بحث ہے اور تیسرے میچ کے دوران میدان کے امپائرز کے کئی فیصلے تنقید کی زد میں ہیں، جس کے بعد ایشز سیریز کے باقی میچوں کے لیے نئے امپائرز کا تقرر کر دیا گیا ہے۔ ہیڈنگلے ٹسٹ میں امپائرنگ کرنے والے ویسٹ انڈیز کے جوئیل ولسن اور نیوزی لینڈ کے کرس گیفنی ناقص امپائرنگ کرنے پر ایشز سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز امپائر جوئیل ولسن نے لیڈز ٹسٹ کے دوران کئی غلطیاں کیں جس میں میچ کے ہیروبین اسٹوکس کو131 کے اسکور پر آوٹ نہ دینا بھی شامل ہے جس کی وجہ سے پورے میچ کا پانسہ ہی پلٹ گیا۔