ناقص سڑکوں اور مین ہولز کی شکایت کیلئے خصوصی پورٹل قائم کیا جائے، تلنگانہ ہائی کورٹ کی حکومت کو ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 19۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ سڑکوں کی نگہداشت، فٹ پاتھ پر قبضوں اور ڈرینج مین ہولز کے بارے میں عوام کو شکایت کا موقع فراہم کرنے خصوصی ایپ ، سافٹ ویر یا پورٹل تشکیل دیا گیا۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس انیل کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایک سماجی کارکن کی جانب سے دائر کی گئی مفاد عامہ کی درخواست پر یہ ہدایت دی۔ درخواست گزار نے روڈ سیفٹی کے بارے میں سپریم کورٹ کی جانب سے طئے کردہ گائیڈ لائینس کی خلاف ورزی کی شکایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر ادارے سڑکوں کی نگہداشت اور مرمت کے سلسلہ میں اپنے فرائض انجام دینے سے قاصر ہیں۔ درخواست گزار نے ناقص سڑکوں کے علاوہ کھلے مین ہولز کا ذکر کیا جن کے سبب عوامی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ عدالت کو حالیہ عرصہ میں کھلے مین ہولز کے نتیجہ میں پیش آئی اموات کی تفصیلات حوالے کی گئیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بعض علاقوں کی سڑکوں کی نگہدشت کی ذمہ داری محکمہ عمارات و شوارع کی ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے حکومت کی جانب سے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے وقت مانگا۔ چیف جسٹس نے 31 جولائی کو آئندہ سماعت مقرر کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں کی مرمت اور مین ہولزکی نگہداشت کیلئے اقدامات کرے۔ 1