ناقص غذاؤں اور ملاوٹ کے خلاف سخت کارروائی کرنے عہدیداروں کو وزیر صحت کی ہدایت

   

فوڈ سیفٹی عہدیدار وقفہ وقفہ سے معائنے کریں، اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دامودر راج نرسمہا کا اجلاس
حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے ریاست میں غذائی اشیاء میں ملاوٹ اور غیر معیاری غذاؤں کی سربراہی کے خلاف سخت کارروائی کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ حالیہ دنوں میں حیدرآباد میں ملاوٹی غذا اور ناقص کھانوں کے نتیجہ میں عوام کے متاثر ہونے اور موموس کے استعمال کے بعد ایک خاتون کی موت کے واقعہ کے پس منظر میں وزیر صحت نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ریاست بھر میں ناقص غذا اور غذاؤں کی تیاری میں کسی بھی ملاوٹ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ فوڈ سیفٹی کے مسئلہ پر کوئی مفاہمت نہیں کی جاسکتی۔ کمشنر آر وی کرنن نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ ریاست بھر میں حکام کی جانب سے احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا ۔ دامودر راج نرسمہا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقفہ وقفہ سے فوڈ سیفٹی عہدیدار اچانک معائنہ کرتے ہوئے ہوٹلوں ، ریسٹورنٹ اور فوڈ سنٹرس میں غذاؤں کی تیاری کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اور سرکاری ہاسٹلس میں طلبہ کو سربراہ کی جانے والی غذاؤں پر بھی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص غذاؤں کی جانچ کے لئے فوڈ سیفٹی لیابس کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ناقص غذاؤں کے بارے میں عوامی شعور بیداری کی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے حیدرآباد میں فوڈ سیفٹی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ غذاؤں کے بارے میں حیدرآباد کا وقار متاثر نہ ہو۔ اجلاس میں سکریٹری ہیلت ڈاکٹر کرسٹینا چنگٹو، ویدیا ودھان پریشد کے کمشنر ڈاکٹر اجئے اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایسے فوڈ سنٹرس کے خلاف سخت کارروائی کریں جو عوام کی صحت سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ 1