ناقص نتائج کے چیف سلیکٹر ذمہ دار نہیں:امام الحق

   

کراچی ۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے نوجوان اوپنر امام الحق نے کہا ہے کہ ہم نے ورلڈ کپ میں بہت محنت کی لیکن نتیجہ ہمارے حق میں نہیں گیا، ابتدائی میچز میں شکست کے ذمہ دار چیف سلیکٹر نہیں ہیں۔ امام الحق اور بابر اعظم نے پریس کانفرنس کی اور ورلڈ کپ کی کارکردگی سے متعلق بات چیت کی۔پریس کانفرنس میں امام الحق نے کہا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں، میرا کام صرف مظاہرہ کرنا ہے، محنت کرتا ہوں۔ امام الحق نے کہا کہ جیسے ہم ورلڈ کپ کھیلنے گئے تھے تو باقی ٹیمیں بھی پوری تیاری کے ساتھ آئیں تھیں اور ہم بہتر تیاری کے لیے ورلڈ کپ سے بہت پہلے انگلینڈ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی بدقسمتی سے ہم 5 میچر نہیں جیت سکے، ہمارے بہت مشکل میچ ہوئے اور بیٹسمینوں نے بہت اچھی کارکردگی بھی دکھائی۔امام الحق نے کہا کہ پہلے میچ میں ہم سب بہت پریشان تھے اور اس میچ میں جیسی تیاری تھی ہم ویسا نتیجہ نہیں آیا تھا لیکن بعد میں ہم نے جس طرح کی واپسی کی اور سیکنڈ ہاف میں ہم اچھا کھیلے۔انضمام الحق کا بھتیجا ہونے کا فائدہ اور نقصان ہونے سے متعلق سوال پر امام الحق نے کہا کہ میرے لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ فائدہ کیا ہے اور نقصان کیا ہے میں اس پر یقین نہیں رکھتا ہے، میرا اپنی محنت پر یقین ہے اور میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ورلڈ کپ میں چیف سلیکٹر انضمام کے ساتھ جانے سے متعلق سوال پر امام الحق نے کہا کہ چیف سلیکٹر کے جانے یا نہ جانے سے مجھے نہیں لگتا کہ ہماری کارکردگی خراب ہوگی، وہ چیف سلیکٹر خود نہیں بنے انہیں بورڈ نے بنایا ہے ان کا کام ہے ٹیم کے ساتھ جانا اور ہمارا کام صرف کارکردگی دکھانا ہے۔