مختلف پلانٹس پر فوڈسیفٹی عہدیداران اور ٹاسک فورس ٹیموں کے دھاوے
حیدرآباد ۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں ناقص غذائی اشیاء کی سربراہی اور عدم صفائی کے خلاف جاری مہم میں عہدیداروں نے اب پانی کی جانب توجہ مرکوز کی ہے۔ تاہم سرکاری عہدیدار سرکاری پانی کی سربراہی نہیں بلکہ خانگی پانی کی سربراہی والے پلاٹس اور کاروباری اداروں پر کارروائی کررہے ہیں۔ کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ ایسٹ زون نے بلدیہ کے فوڈ سیفٹی عہدیداروں کے ساتھ آج پرانے شہر میں مختلف مقامات پر دھاوا کیا۔ چندرائن گٹہ، کنچن باغ اور سنتوش نگر پولیس حدود میں کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لیا گیا جو واٹر پلانٹس چلارہے تھے۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ ان واٹر پلانٹس میں معروف برانڈ کے ناموں سے ملے جلے نام رکھتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور ساتھ معیاری پانی بھی سربراہ نہیں کیا جاتا۔ ٹاسک فورس پولیس کے مطابق ان افراد کی جانب سے کسی بھی سرکاری و مصدقہ ادارے کی جانب سے کسی قسم کی کوئی اجازت نہیں لی گئی اور پلانٹس میں پانی کا معیار انتہائی خطرناک اور انسانی زندگیوں کیلئے خطرناک ثابت ہونے کے قوی امکانات کا حامل ہے۔ پولیس نے اس کارروائی میں 34 سالہ محمد سجاد ساکن چھتہ بازار، 36 سالہ سید سراج ساکن مانصاحب ٹینک اویسی پورہ اور سالم بن ناصر النقیب ساکن حافظ بابا نگر کو حراست میں لے لیا اور تقریباً 3,34,080 روپئے مالیتی واٹر بوتلس ضبط کرلئے۔ع