ناقص پرفارمنس سے پریشان کوہلی نے لارا سے بات کی

   

ممبئی: ان دونوں ویراٹ کوہلی اپنی ناقص پرفارمنس سے کافی پریشان ہیں۔ چنانچہ ہندوستان کے سابق کپتان اور اسٹار بیاٹر بیٹنگ ٹپس لینے کیلئے ویسٹ انڈیز کے سابق ورلڈ کلاس بیاٹر برائن لارا کے پاس پہنچ گئے۔ انڈین اسٹار ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں مسلسل فلاپ ہونے کی وجہ سے خاصے پریشان ہیں۔ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور ( آر سی بی) کی نمائندگی کرنے والے کوہلی مسلسل دوسری مرتبہ گولڈن ڈک پر آوٹ ہو ئے۔ ہفتے کو میچ کے بعد مایوس ویراٹ کوہلی ٹپس لینے برائن لارا کے پاس پہنچ گئے۔ دونوں نے کچھ دیر بات کی۔ ویسٹ انڈین لیجنڈ سن رائزر حیدر آباد کے بیٹنگ کوچ ہیں۔ کوہلی اب تک لیگ میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کر سکے ہیں۔ انڈین کرکٹر نے لارا کو خود کو بیٹنگ میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا جب کہ لارا نے بھی کوہلی کو مشورے دیئے۔ دوسری جانب ہندوستان کے سابق کپتان اظہر الدین سمیت کئی سابق کرکٹرز نے کوہلی کو کرکٹ سے بریک لینے کا مشورہ دیا ہے۔