نالندہ: 31 مارچ (ایجنسیز) بہار کے ضلع نالندہ کے مگھدا گاؤں میں واقع شیتلا ماتا مندر میں پوجا کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک درجن سے زائد لوگ زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ہر منگل کی طرح آج بھی مندر میں میلہ لگا ہوا تھا اور زیادہ بھیڑ ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔یہ مندر دیپن نگر تھانہ علاقے کے تحت آتا ہے۔ لاہری اور دیپن نگر تھانوں کے اہلکاروں کے ساتھ بہار شریف کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ بھی موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اطراف میں لگے میلے کی دکانوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں اب بھی افرا تفری کا ماحول ہے اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے نظر آئے جبکہ پولیس بھیڑ کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ موقع پر موجود عقیدت مندوں نے کہا کہ پولیس کی مناسب تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔مقامی شخص للت کمار نے بتایا کہ آج مہاویر جینتی اور منگل ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ بھیڑ تھی۔