نامراد عاشق کی خودکشی

   

حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) کیسرا پولیس حدود میں ایک نامراد عاشق نے خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک طرفہ محبت کا شکار 21 سالہ چاند پاشاہ نے مبینہ طور پر کل
رات انتہائی اقدام کیا جس کے خلاف محبوبہ کے افراد خاندان نے ایک سے زائد مرتبہ پولیس میں شکایت کی تھی اور وہ مقدمات میں کارروائی کا سامنا بھی کررہا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چاند پاشاہ پیشہ سے خانگی ملازم ناگارام علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ سال 2017میں اس نے ایک لڑکی سے عاشقی کا آغاز کیا۔ لڑکی انٹر میڈیٹ کی طالبہ بتائی گئی ہے اور جب وہ اس لڑکی سے قریب ہونے لگا تب لڑکی نے اس کی شکایت والدین سے کی اور لڑکی کے والدین پولیس سے رجوع ہوئے۔ پولیس نے پاشاہ کے خلاف سخت کارروائی کی تھی۔ باوجود اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی اور لڑکی کا پیچھا کررہا تھا۔ گزشتہ ماہ اس لڑکی کی سالگرہ تھی اور اس دن وہ لڑکی کے مکان میں زبردستی داخل ہوگیا اور اپنی محبت کی دہائی دینے لگا۔ اس حرکت پر پاشاہ کے خلاف پھر کارروائی کی گئی۔ جس نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس کیسرا نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔