نامزدگی جمع کراتے وقت محتاط رہیں، افسران اسے مسترد کر سکتے ہیں: ممتا بنرجی

   

کولکاتا: یکم اپریل (ایجنسیز) ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نئے تعینات افسران کو ان کی پارٹی کے امیدواروں کے نامزدگی فارم مسترد کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کے ضلع بیر بھوم کے نانور میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر سیاسی فائدے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے ’’غلط استعمال‘‘ کا الزام لگایا۔ انہوں نے جلسے میں کہا کہ سب کچھ بدل دیا گیا ہے، یہاں نیا نظام ہے۔الیکشن کمیشن کی طرف سے نئے تعینات افسران کو آپ کی نامزدگی مسترد کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، اس لیے نامزدگی داخل کرتے وقت احتیاط برتیں۔ وزیر اعلیٰ نے عوام، خاص طور پر خواتین سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خواتین مخالف ہے، اسی لیے خصوصی گہری نظرثانی (SIR) میں منطقی خامیوں کا حوالہ دے کر ان کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے جا رہے ہیں۔