گجرات میں چیف منسٹر کے دفتر اور امیت شاہ کے ساتھ کئی سال خدمات سے قربت
نئی دہلی ۔26 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) گریش چندرا مرمو جنھیں گزشتہ روز جموں و کشمیر کے نئے لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے مقرر کیا گیاہے گجرات کیڈر کے 1985ء کے آئی ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ وہ فی الحال وزارت فینانس میں معتمد مصارف کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گریش چندرا مرمو کو وزیراعظم نریندر مودی کے ایک انتہائی بھروسہ مند اور بااعتماد سیول افسران میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے ۔ پہلے وہ گجرات میں ان کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ مرمو اُس وقت گجرات میں چیف منسٹر کے دفتر میں پرنسپال سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ مرمو جو آئندہ ماہ وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوش ہورہے ہیں اپنے طویل کیرئیر کے دوران وزارت فینانس کے کئی کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں کیونکہ انھیں وزیراعظم نریندر مودی کا غیرمعمولی اعتماد حاصل رہا ہے ۔ مرمو گجرات کے چیف منسٹر کے دفتر میں 2008 ء سے لگاتار سات سال کام کرچکے ہیں اور مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد 2015ء میں وہ مرکزی وزارت فینانس میں شامل کئے گئے تھے ۔ علاوہ ازیں مرمو گجرات میں اُس وقت وزارت داخلہ میں بھی کام کرچکے ہیں جب امیت شاہ گجرات کے وزیر داخلہ تھے ۔ مرمو جن کا تعلق اڈیشہ سے ہے پولیٹکل سائنس میں پوسٹ گرائجویٹ ہیں بعد ازاں یونیورسٹی آف برمنگھم سے ایم بی اے بھی کرچکے ہیں ۔ حساس سرحدی ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دینے والی دستوری دفعہ کی 5 اگسٹ کو تنسیخ اور اس ریاست کی دو مرکزی انتظام علاقوں میں تقسیم ، دو دن قبل گورنر ستیہ پال ملک کے گوا کو تبادلہ کے بعد وہاں گورنر کا تقرر ناگزیر ہوگیا تھا لیکن مرمو کا تقرر اس لئے کیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ امن و قانون کی مخدوش صورتحال ہاتھوں سے نہ نکل جائے ۔ وادی میں عسکریت پسندوں نے گزشتہ 15 دن کے دوران اپنی سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی جس کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جو وادی سے باہر کے علاقوں سے تعلق رکھتے تھے ۔ علاوہ ازیں وہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ، اور معاشی ترقی کیلئے مودی حکومت کے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کریں گے ۔
آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد کشمیر ترقی کی راہ پر
احمدآباد ۔26 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیرداخلہ امیت شاہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے نہ تو ایک گولی چلی ہے اور نہ کسی کی موت کی اطلاع ہے ۔ جموں و کشمیر تنظیم جدید قانون 2019 ء پر عمل آوری کیلئے ایک ہفتہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ۔ 31 اکتوبر سے ریاست مرکز کے زیرانتظام دو علاقوں میں تقسیم ہوجائے گی ۔ امیت شاہ نے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آرٹیکل 370کی منسوخی سے دہشت گرد اپنے آخری دن گن رہے ہیں اور کشمیر کی ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔