نامعلوم حملہ میں کانگریس امیدوار شدید زخمی

   

چٹیال ٹاؤن میں پیش آئے واقعہ کی کانگریس کی جانب سے شدید مذمت

حیدرآباد۔/12فبروری، ( سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ میں کوآپریٹیو سوسائٹیوں کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات کے دوران چٹیال ٹاون میں ایک امیدوار پر حملہ کرکے شدید زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کوآپریٹیو سوسائٹی انتخابات میں کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے وارڈ نمبر 3 سے مقابلہ کرنے والے مسٹر جی جالندھر ریڈی پر بعض نامعلوم افراد نے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا اور مسٹر جالندھر ریڈی کو شدید زخمی حالت میں فی الفور طبی امداد کی فراہمی کیلئے حیدرآباد میں واقع ایک ہاسپٹل کو منتقل کیا گیاجہاں بتایا جاتا ہے کہ مسٹر جالندھر ریڈی کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ دن پیش آیا اور اس واقعہ کی مقامی افراد اور کانگریس پارٹی قائدین کی جانب سے سخت مذمت کی گئی اور کہا کہ انتخابات میں راست مقابلہ کرنے کی ہمت نہ رکھنے والے حریف گروپ کے افراد نے روڈی ازم کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ کرکے شدید زخمی کیا ۔ پیش آئے حملہ کے واقعہ سے متعلق تصاویر سوشیل میڈیا پر زبردست وائرل ہورہی ہیں ۔ اسی دوران مقامی کانگریس قائدین نے حریف گروپ کے افرادکو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امیدوار جالندھر ریڈی پر کئے گئے حملہ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ اس طرح کی کوششوں پر حریف گروپ کے افراد کو بہتر سبق سکھایا جائے گا۔