نئی دہلی: مرکزی وزیر ٹیلی کام اشونی وشنو نے سائبر فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ملک کی عوام سے ایک اہم اپیل کی ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ نامعلوم نمبروں سے آنے والے کال نہ اٹھائیں۔ وزیر موصوف نے انکشاف کیا کہ ٹیلی کام کی مرکزی وزارت کے اقدامات کے نتیجے میں اسپیم کالز اور سائبر فراڈ سے متعلق معاملات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے جمعہ کو دہلی میں صحافیوں سے بات کی۔ اشونی وشنو نے کہا کہ’’کبھی بھی نامعلوم نمبروں سے آنے والے کال کا جواب نہ دیں۔ میں ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صرف معلوم نمبروں سے کال کا جواب دیں۔’’ وزیر نے مشورہ دیا کہ اگر آپ کو کسی نامعلوم نمبر سے پیغام موصول ہوتا ہے تو آپ کو اس شخص کی شناخت کی تصدیق کے بعد ہی جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت ٹیلی کام کے حال ہی میں شروع کیے گئے سنچار ساتھی پورٹل کے ذریعے اسپیم کالز اور سائبر فراڈ کو روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔