نامور صحافی سشیل راؤ کی ڈاکیومنٹری فرانس کے کینس ورلڈ فلم فیسٹول کے لیے منتخب،ممبئی شارٹس انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں بھی نمائش ہوگی

   

حیدرآباد ۔8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی سی ایچ سشیل راؤ کی جانب سے تیار کردہ ڈاکیومنٹری ’’آسکر چلا گاریگا‘‘ کو کینس Cannes ورلڈ فلم فیسٹول اور ممبئی شارٹس انٹرنیشنل فلم فیسٹول کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ سشیل راؤ اس ڈاکیومنٹری کے پروڈیوسر اور ڈائرکٹر بھی ہیں اور دو اہم انٹرنیشنل فلم فیسٹولس میں نمائش کیلئے ڈاکیومنٹری منتخب کی گئی۔ یہ دراصل نامور نغمہ نگار کے سبھاش چندرا بوس پر تیار کی گئی ہے جنہیں بیسٹ اوریجنل سانگ کے زمرہ میں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اکیڈیمی ایوارڈس 2023 ء میں سبھاش چندرا بوس کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ سشیل راؤ نے اپنی ڈاکیومنٹری میں بھوپال پلی ضلع کے چلا گاریگا گاؤں میں عوامی جشن کے حالات کو پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ آسکر ایوارڈ ملنے کے بعد سبھاش چندرا بوس جب پہلی مرتبہ اپنے آبائی گاؤں پہنچے تو ان کا کس طرح والہانہ استقبال کیا گیا۔ ڈاکیومنٹری میں سبھاش چندرا بوس نے اپنی کامیابی کے سفر کی تفصیلات پیش کی ہے۔ کینس ورلڈ فلم فیسٹول فرانس نے ڈسمبر 2023 ء کے ماہانہ فیسٹول میں ڈاکیومنٹری کا انتخاب کیا ہے ۔ یہ فلم فیسٹول فرانس کے شہر کینس میں منعقد ہوگا۔ ڈاکیومنٹری کو 10 ڈسمبر سے ممبئی میں شروع ہونے والے 12 ویں ممبئی شارٹس انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے لئے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ منی باکس آفس کی جانب سے فلم فیسٹول کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکیومنٹری میکر سشیل راؤ کی کئی ڈاکیومنٹریز کو فلم فیسٹول میں ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔ سماج کے حالات اور عام آدمی کے موضوع پر ان کی ڈاکیومنٹریز کافی مقبولیت حاصل کی ہیں۔