ممبئی، 30؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ویٹرن بالی ووڈ ایکٹر رشی کپور کا آج بہ عمر 67 سال دیہانت ہوا۔ سدابہار اداکار کچھ عرصے سے علیل تھے اور ان کو ممبئی کے اسپتال میں شریک کرایا گیا تھا۔ شریک حیات نیتو کپور اور فرزند رنبیر مسلسل اُن کے ساتھ تھے۔ انھوں نے جمعرات کی صبح 8:45 بجے ایچ این ریلائنس ہاسپٹل میں آخری سانس لی۔ بڑے بھائی رندھیر کپور نے چہارشنبہ کی صبح انکشاف کیا تھا کہ رشی کو ہنگامی صورتحال میں دواخانہ سے رجوع کرنا پڑا۔ امیتابھ بچن نے اپنے ساتھی اداکار کے بارے میں ٹوئٹ میں ان کی شدید علالت پر دکھ کا اظہار کیا تھا۔ صدر رامناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی، متعدد چیف منسٹرس اور دیگر قائدین کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ نے خوش مزاج اداکار کے دیہانت پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔ رشی کپور کی آخری رسومات آج جمعرات کو ہی لاک ڈاؤن کے درمیان ادا کردی گئیں۔ ممبئی میں واقع چندن واڑی شمشان گھاٹ الیکٹرک کریمیٹوریم میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔اس سے پہلے ایمبولینس میں ان کے جسد خاکی کو شمشان گھاٹ لایاگیا۔شمشان گھاٹ پر سکیورٹی انتظامات کیلئے بڑی تعداد میں پولیس تعینات تھی۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ و اداکارہ نیتو سنگھ ،بیٹا رنبیر کپور، برادران رندھیر کپور، راجیو کپور، ابھیشیک بچن، بھتیجی کرشمہ کپور، کرینہ کپور خان، سیف علی خان،عالیہ بھٹ،انیل امبانی کے علاوہ خاندان کے دیگر ارکان اور قریبی لوگ ہی موجود تھے ۔ رشی کپور کے انتقال کے وقت اُن کی بیٹی رِدھیما سہانی دہلی میں تھی۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے فضائی خدمات بندہیں اور دہلی پولیس کے آمدورفت پاس جاری کئے جانے کے باوجود ردھیما اپنے والد کی آخری رسومات میں شامل ہونے ممبئی نہیں پہنچ سکیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے مکمل لاک ڈاؤن کی ہدایات کے مطابق صرف 20 لوگوں کو ہی آخری رسومات میں موجود رہنے کی اجازت ہے ۔ ممبئی پولیس نے لاک ڈاؤن کے پیش نظر کپور فیملی سے آنجہانی اداکار کے جسد خاکی کو گھر نہ لے جانے کی اپیل کی تھی۔
رشی کپور کی موت پر مختلف قائدین کااظہار رنج
بالی ووڈ اسٹارکے کچھ فلمی ڈائیلاگ میرے بچپن کا حصہ ہیں:عمر عبداللہ
سری نگر، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے معروف بالی وڈ اداکار رشی کپور کے انتقال پر اظہار رنج کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی اداکار کے کچھ ڈائیلاگ میرے بچپن کے جدا نہ ہونے والے حصے ہیں۔عمر عبداللہ نے آنجہانی اداکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘بوبی سے لے کر “قرض” اور “زمانے کو دکھانا ہے ” تک آپ کی فلمیں اور کچھ ڈائیلاگ میرے بچپن کے جدا نہ ہونے والے حصے ہیں۔ آپ نے گلمرگ میں ایک چھوٹی ہٹ کو ایک ہی گانے سے ایک یادگار جگہ بنادیا۔ الوداع۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بالی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور کی بے وقت موت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ ِ عقیدت پیش کیا مسٹر چوہان نے ٹویٹ کر کے کہا ‘بچھڑے وہ کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی ، ایک شخص ہی سارے دلوں کو ویران کر گیا ۔ خواتین اور اطفال کی فلاح و بہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی اور وزیر ثقافت پرہلاد پٹیل نے رشی کپور کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ ایرانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ کہتے تھے ، کھنہ، کپور اور ملہوترا لوگ ہمیشہ اچھی زندگی پسند کریں گے ، ہمیشہ ہنسی مذاق کریں گے ۔ آپ ہمیشہ یاد آئیں گے ۔ راہول گاندھی نے رشی کپور کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ گاندھی نے ٹویٹ کرکے کہا‘‘ایک اور عظیم اداکار رشی کپور کے انتقال کے ساتھ ہندوستانی سنیما کے لئے یہ خوفناک ہفتہ بن گیا ہے ’’۔ قابل غور ہے کہ بدھ کو نامور اداکار عرفان خان کا انتقال ہوا تھا۔کانگریس لیڈر نے کہا‘‘رشی کپور ایک غیر معمولی اداکار تھے اور ان کے چاہنے والے ہر نسل کے لوگ تھے ۔ لوگ ان کو ہمیشہ یاد کرتے رہیں گے ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے رشی کپور کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔‘چنٹو انکل’ نام سے بالي ووڈ میں مشہور رشی کپور کو جمعرات کی صبح ایچ این اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ کجریوال نے کہا‘‘بالي ووڈ کے لئے گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ دوسری بری خبر ہے ۔ کل اداکار عرفان خان کا 53 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔