نامور کرکٹ امپائر علیم ڈار کا شاندار کیریئر اختتام پذیر

   

ڈھاکہ: دنیائے کرکٹ کے نامور امپائر پاکستان کے علیم ڈار انٹرنیشنل کرکٹ سے باضابطہ طور پر ریٹائر ہوگئے، ان کا طویل کیریئر بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے ٹسٹ میچ کے ساتھ گزشتہ روز یہاں اختتام پذیر ہوگیا۔گزشتہ ماہ پاکستانی امپائر علیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پیانل سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے 4 سے 7 اپریل تک بنگلہ دیش اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے گئے واحد ٹسٹ میں آخری بار امپائرنگ کی۔بنگلہ دیش کی جیت اور میچ کے اختتام کے ساتھ ہی علیم کا شاندار کیریئر اختتام کو پہنچ گیا۔ ریٹائرمنٹ کے موقع پر بنگلہ دیش اور آئرلینڈ ٹیم کی جانب سے علیم کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ علیم نے 439 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے جو کہ ورلڈ ریکارڈ ہے۔ انہوں نے سب سے زیادہ 145 ٹسٹ، 225 ونڈے اور 69 ٹی ٹوئنٹی میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔علیم آئی سی سی ایلیٹ پیانل میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی امپائر تھے۔ وہ 2004 میں ایلیٹ پیانل آف امپائرز میں شامل ہوئے تھے۔اس کے علاوہ علیم نے 2009 سے 2011 تک مسلسل تین بار بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔