نامور یونیورسٹیز میں داخلہ دلانے کا جھانسہ دینے والا دھوکہ باز گرفتار

   

ملزم کیخلاف مختلف ریاستوں میں مقدمات ، سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 11 جنوری ( سیاست نیوز) نامور یونیورسٹیز میں داخلہ دلانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے ایک دھوکہ باز کو سائبر کرائم رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس رچہ کنڈہ کے مطابق 34 سالہ محمد رفیق ساکن گروگرام ہریانہ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ رفیق نے نامور یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی کیلئے داخلہ دلانے کا جھانسہ دیکر عنبر پیٹ کے ایک شہری کو دھوکہ دیا ۔ متاثرہ شخص نامور یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرناچاہتا تھا اور اس نے فیس بک کے ذریعہ تلاش کیا ۔ اس دوران ندھی سنگھ کا ایک نمبر اس کے رابطہ میں آیا ۔ اس نے اس نمبر پر رابطہ کیا اور اس متاثرہ شخص کو اس بات کا یقین دلایا گیا اور وہ اس دھوکہ باز کی باتوں میں آگیا اور اس نے یقین کرتے ہوئے مختلف مراحل میں 4 لاکھ 80 ہزار روپئے ٹرانسفر کرائے ۔ رقم حاصل ہونے کے بعد شکایت گزار شخص سے رابطہ منقطع ہوگیا اور اس نے مسلسل رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی جس پر ناکامی کے بعد متاثرہ شخص نے پولیس اسٹیشن کا رُخ کیا اور شکایت کردی ۔ گرفتار شخص کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں میں مقدمات درج ہیں اور گوا پولیس کی جانب سے رفیق جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے ۔ پولیس نے ایسے دھوکہ باز افراد سے چوکنا رہنے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ ع