مجرموں کو چھوٹ انسانیت کی توہین۔مولانا اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 24 اگسٹ ۔ ( راست ) بی جے پی رکن اسمبلی ملعون راجہ سنگھ کی جانب سے شانِ رسالت میں گستاخی کو بدترین جرم قرار دیتے ہوئے مولاناسیدمحمد اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔آپ نے کہا کہ آقا سید عالم ﷺ صرف مسلمانوں کے لئے رحمت نہیں بلکہ آپؐ کی رحمت اور آپؐ کا احسان ساری انسانیت پر ہے اور آپؐ محسن انسانیت ہیں۔لہذا آپؐ کی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے۔اور ناموس رسالت کی پہریداری صرف مسلمانوں کی ہی نہیں بلکہ سارے انسانوں کی ذمہ داری ہے۔ مولانا نے اپنے بیان کے ذریعہ حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ حکومت سخت دفعات لگاتے ہوئے مضبوط طریقہ سے مجرم کے خلاف ایکشن لے تاکہ آئندہ کوئی اور اس طرح کی حرکت نہ کرسکے۔مولانا اولیا حسینی نے خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا احتجاج درج کروائیں اور کسی بھی طرح سے دشمنوں کی سازش کا حصہ نہ بنیں۔