گاندھی بھون میں درخواست فارم داخل کیا
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی میں اسمبلی چناؤ کے ٹکٹ کیلئے اقلیتی قائدین کی جانب سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری عثمان محمد خاں نے اپنے حامیوں کے ساتھ گاندھی بھون پہنچ کر حلقہ اسمبلی نامپلی سے ٹکٹ کیلئے درخواست داخل کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عثمان محمد خاں نے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے وہ ایک جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔ وہ اسمبلی میں حلقہ اور حلقہ سے تعلق رکھنے والے عوام کے مسائل کو پیش کرتے ہوئے حکومت سے یکسوئی کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس کارکنوں سے مشاورت کے بعد انہوں نے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے منتخب نمائندوں نے حلقہ اسمبلی نامپلی کو نظرانداز کردیا ہے۔ 1999 سے وہ کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیں۔ وارڈ کی سطح سے انہوں نے پارٹی کی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور یوتھ کانگریس میں بھی کام کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نامپلی اسمبلی حلقہ کے عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ انہیں امید ہے کہ پارٹی قیادت وفاداری سے کام کرنے والے قائدین کو اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی قیادت انہیں ٹکٹ کے بجائے پارٹی کیلئے کام کرنے کی ہدایت دے تو وہ اس پر عمل کریں گے اور پارٹی سے کوئی بغاوت نہیں کریں گے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا اقتدار ان کی اولین ترجیح رہے گی۔