نامپلی اور کاروان اسمبلی حلقوں میں غریبوں میں اناج اور ترکاری کی تقسیم

   

صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی شرکت، پارٹی اقلیتی قائدین کی ستائش
حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندانوں کی مدد کیلئے کانگریس کارکن میدان میں ہیں اور اناج کے علاوہ کھانا تقسیم کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ریاست بھر میں پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ غیر منظم شعبہ کے ورکرس اور روز مرہ مزدوری سے گھر چلانے والے غریبوںکی مدد کریں۔ صدر پردیش کانگریس نے آج حلقہ اسمبلی نامپلی کے گڈی ملکاپور اور حلقہ اسمبلی کاروان کے ٹولی چوکی علاقہ میں غریبوں نے اناج ، سبزی اور کھانے کی تقسیم کے پروگرام میں شرکت کی ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کے لئے کانگریس قائدین اور کارکنوں کی خدمات قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ریاستوں کے ورکرس ، غیر منظم شعبہ کے ملازمین اور روزانہ محنت مزدوری کرنے والے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میناریٹی ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے قائدین شہر کے مختلف مقامات پر غریبوں میں اناج اور کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔ صدر میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، ترجمان پردیش کانگریس سید نظام الدین ، صدر میناریٹی ڈپارٹمنٹ گریٹر حیدرآباد سمیر ولی اللہ اور نامپلی کے سینئر قائد فیروز خاں کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے غریبوں میں اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ٹولی چوکی میں سمیر ولی اللہ اور دیگر قائدین کی جانب سے غذا ، ترکاری اور ضروری اشیاء کی تقسیم کو سراہا۔ انہوں نے سلم علاقوں میں تقسیم کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور شخصی طورپر کھانا اور ترکاریوں کی پیاکینگ کا جائزہ لیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس طرح کی خدمت خلق دوسروں کیلئے مثالی ہے۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ 22 مارچ سے ٹولی چوکی ، گولکنڈہ ، فرسٹ لانسرز اور دیگر علاقوں میں تقسیم کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ تقریباً 3,000 افراد کو کھانا تقسیم کیا جارہا ہے جبکہ کئی سو افراد کو ترکاری اور اناج دیا جارہا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس نے لاک ڈاون جاری رہنے تک ان سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں پارٹی کے ہر کارکن کو عوام کی خدمت میں متحرک ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن طوالت اختیار کرسکتا ہے ، لہذا ہر کسی کو غریبوں کی امداد پر توجہ دینی چاہئے ۔