ساوتھ سنٹرل ریلوے سے 327 کروڑ روپئے کے مصارف سے نئی عمارت و دیگر تعمیری کاموں کا آغاز
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : نظام دور کے تاریخی نامپلی ریلوے اسٹیشن کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ سکندرآباد کے طرز پر بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات کے ساتھ نامپلی ریلوے اسٹیشن کو ترقی دی جارہی ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد کے ثقافت کا تحفظ کرنے کے لیے نامپلی ریلوے اسٹیشن کو ترقی دی جارہی ہے ۔ امرت بھارت اسکیم کے تحت ریلوے اسٹیشن کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لیے 327 کروڑ روپئے اخراجات تخمینہ کے ساتھ کاموں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ نامپلی ریلوے اسٹیشن سے ہر دن 65 ٹرینوں کی آمد و رفت ہوتی ہے ۔ 25 ہزار سے زیادہ عوام سفر کرتے ہیں ۔ نامپلی ریلوے اسٹیشن میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے ماسٹر پلان ڈیزائن کیا گیا ہے جس کے مطابق ترقیاتی و تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی طرح نامپلی ریلوے اسٹیشن پر آمد و رفت کرنے والی ٹرینوں کے لیے علحدہ علحدہ پلیٹ فارمس تعمیر کئے جائیں گے ۔ مسافرین کو بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کشادہ پارکنگ بھی فراہم کی جائے گی ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے ایک سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ حیدرآباد کی تاریخی ورثہ کی عکاسی کرنے والی نامپلی ریلوے اسٹیشن کی ایک خوبصورت عمارت تعمیر کی جائے گی ۔ جو حیدرآباد کے سیاحتی مراکز میں ایک اضافہ ہوگی ۔ نظام نواب میر عثمان علی خاں نے نواب خاندانوں کو ریلوے خدمات فراہم کرنے کے لیے 1907 میں دکن ریلوے اسٹیشن تعمیر کیا تھا ۔ گذرتے وقت کے ساتھ ساتھ اس کا نام تبدیل ہو کر نامپلی ریلوے اسٹیشن ہوگیا ہے ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے بعد نامپلی دوسرا بڑا ریلوے اسٹیشن ہے ۔ چارمینار ، شبری ، نرسا پور ، گوداوری کے علاوہ دیگر بڑی ٹرینیں یہاں سے روانہ ہوتی ہیں ۔ تقریبا 9.245 مربع میٹر کے رقبہ پر ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت تعمیر کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ برقی کی فراہمی کے لیے سولار پیانلس بھی لگائے جائیں گے ۔ نامپلی میٹرو اسٹیشن سے مسافرین کے راست طور پر ریلوے اسٹیشن پہونچنے کے لیے 9 میٹر لمبا فٹ اوور برج تعمیر کیا جائے گا ۔ تقریبا 1450 مربع میٹر ویٹنگ ہالس دستیاب کرائے جائیں گے ۔ اے سی ڈارمیٹری کے ساتھ ساتھ 14 ریسٹ رومس بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ تقریبا 23,146 مربع میٹر رقبہ ہوٹلس ، دیگر کاروباری تجارتی کامپلکس کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔ اسٹیشن پر بکنگ کاونٹرس کی تزئین و آرائش کی جائے گی ۔ آٹو میٹک ٹکٹ وینڈنگ مشین لگائی جائیں گی ۔۔ 2