نامپلی سرائے کو بحال کیا جائے گا

   

حیدرآباد۔ نامپلی کے تاریخی سرائے کی بحالی اورتزئین کا جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کے ہے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری شہری ترقیات اروند کمار نے یہ بات بتائی ۔ شیخ پیٹ سرائے کی خستہ حالت پر ایک ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے اروند کمار نے کہا کہ شیخ پیٹ سرائے کو بحال کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائیگا ۔ اروند کمار نے یہ تیقن اس وقت دیا جب شہریوں نے شیخ پیٹ سرائے کی حالت پر مباحث میں انہیں ٹیگ کیا ۔ ان سے خواہش کی گئی کہ وہ مداخلت کریں ۔ سرائے کو بحال کرنے اور مرمت کرنے کی اپیل کی گئی تھی ۔ اس پر اروند کمار نے ٹوئیٹ کیا کہ ہم نامپلی سرائے کو جی ایچ ایم سی سے بحال کر رہے ہیں۔ شیخ پیٹ سرائے کو بھی بحال کرنے پر غور کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں گذشتہ چند برسوں سے تاریخی عمارتوں کی بحالی کا کام چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معظم جاہی مارکٹ کو بحال کرنے کی انہوں نے پہل کی تھی ۔ جاریہ سال مارچ میں اروند کمار نے سردار محل اور نامپلی سرائے کا دورہ کرکے انہیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا ۔