پولیس کی چوکسی و مستعدی پر پھر سوال ۔ مقتول خود قتل کیس میںملوث تھا
حیدرآباد : /15 مئی (سیاست نیوز) نامپلی میں دن دھاڑے قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ ایک نوجوان پر حملہ کرکے اس کا قتل کردیا گیا ۔ نامپلی علاقہ میں سرعام قتل کی واردات نے شہر میں پولیس کی چوکسی اور مستعدی پر پھر سوالیہ نشان لگادیا ہے ۔ شہر میں غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں کا عروج اور و ان کی غیر سماجی حرکتوں پر تو لگام نہیں ہے۔ پولیس کی کارروائیوں اور اقدامات کا ان پر کوئی اثر نہیں ہورہا ہے ۔ حالانکہ گزشتہ دنوں گولکنڈہ اور نامپلی کی ایک ہوٹل کے قریب بھی ایسے گینگ وار کے واقعات پیش آئے تھے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو شائد ایسے واقعات سے کوئی دلچسپی نہیں رہی ۔ شہر میں امن و ضبط کی بگڑتی صور تحال سے پولیس بے پرواہ ہوگئی ہے ۔ آج دن دھاڑے نامپلی 20 سالہ ایان قریشی کا قتل کردیا گیا ۔ ایان عدالت سے واپس ہورہا تھا کہ تعاقب کرکے چند افراد نے حملہ کردیا اور دیکھتے ہی دیکھتے قریشی کا قتل کرکے فرار بھی اختیار کرلی ۔ ایان قریشی جوینائیل کورٹ میں حاضری کے بعد واپس ہورہا تھا ۔ ایان قریشی پرانے شہر کنچن باغ سے تعلق رکھتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 2020 ء میں منور قادری قتل کیس میں ایان شامل تھا ۔ لیکن جب اس کی عمر 18 سال سے کم تھی ۔ پولیس نے منور قادری قتل کیس میں ایان کو شامل کرکے جونیائیل ایکٹ کے تحت کارروائی کی تھی ۔ منور قادری ایان کا بہنوائی تھا اور اسکے قتل میں ایان کے والد اور ایک بھائی بھی ملوث تھا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ منور قادری کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے ایان قریشی کا قتل کیا گیا ۔ نامپلی پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع