عمارت میں چھ افراد پھنس جانے کی اطلاع سے دہشت ، فائر سروسیس ، پولیس ، بلدیہ ، حیڈرا کے عملہ کی کوشش سے آگ پر قابو
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : نامپلی کے علاقہ میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ کے بعد شہر بھر میں سنسنی پھیل گئی ۔ فرنیچر شوروم اور گودام میں لگی آگ کے سبب علاقہ میں دہشت پیدا ہوگئی ۔ عمارت میں 6 افراد پھنس گئے جنہیں عمارت سے باہر نکالنے کی کوشش جاری ہے ۔ اطلاع کے بعد ضلع انتظامیہ کے علاوہ فائر سیفٹی ، بلدیہ ، برقی ، حیڈرا اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع واردات پر پہونچ گئی ۔ تقریباً چار گھنٹوں کی طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ تاہم رات دیر گئے تک بھی عمارت میں پھنسے افراد کی کوئی اطلاع حاصل نہ ہوسکی ۔ دھویں کے کشف بادل سارے علاقہ میں چھا گئے اور راحت کاری اقدامات میں حکام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پرا ۔ حالانکہ فائر ڈپارٹمنٹ نے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کیا اور روبوٹ اور ریموٹ کنٹرول آلات اور مشینوں کو عمارت میں داخل کیا گیا ۔ جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ تقریبا 15 تا 20 فائر انجن گاڑیاں فائر انجن کرین عصری ٹکنالوجی سے لیس ہمہ منزلہ عمارتوں پر کام کرنے والی آتش فرو مشینیں مسلسل کوشش میں جٹی رہیں۔ باوجود اس کے عمارت میں داخل نہیں ہوسکیں ۔ آگ کو دیکھتے ہوئے پولیس نے آس پاس کے علاقہ کو خالی کروادیا اور دوکانات بند کروادی گئیں اور اسٹیشن روڈ جانے والے راستہ کو بند کردیا گیا تھا ۔ آگ اور دھویں کے سبب عمارت میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے میں کافی مشکلات پیش آئی ۔ روبوٹ کے علاوہ این ڈی آر ایف ٹیمیں بھی دھویں کے سبب عمارت میں داخل نہیں ہوسکیں ۔ نامپلی بچہ فرنیچر میں لگی آگ پر قابو پانے اور عمارت میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کے لیے راحت کاری اقدامات جاری تھے اور کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار کے علاوہ ضلع کلکٹر حیدرآباد ہری چندانا موقع واردات پر موجود تھیں اور راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیا جارہا تھا ۔ حکام نے عمارت میں داخل ہونے کے لیے بلڈوزر اور جے سی بی کا استعمال کرتے ہوئے عمارت کی دیواروں کو توڑا اور فائر کرین کے ذریعہ عمارت کے بالائی حصہ کے شیشہ توڑ کر عمارت میں داخل ہونے کے اقدامات کئے گئے ۔ تقریبا 4 تا 6 گھنٹے کی طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ تاہم رات دیر گئے تک بھی عمارت میں پھنسے افراد کا کوئی پتہ نہ چل سکا ۔ فائر ڈی جی وکرم سنگھ مان سارے آپریشن کی راست نگرانی کررہے تھے ۔ اس خوفناک آگ اور اس پر قابو پانے کے اقدامات کے دوران راحت کاری کے تمام اقدامات کو انجام دیا گیا تھا ۔ ہاسپٹل عملہ اور ایمبولنس سرویس کو بھی تیار رکھا گیا اور اس دوران نمائش کے پیش نظر ضلع کلکٹر اور کمشنر پولیس نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی وہ مسائل کے پیش نظر اپنا تفریحی منصوبہ منسوخ کردیں ۔ ایک طرف ہفتہ کی شام دوسری طرف مصروف ترین علاقہ اور یہ بھیانک آگ ارباب مجاز کو مشکلات کے پیش نظر جی پی او کی جانب سے ٹریفک کو چراغ علی لائن سے موڑ دیا گیا اور نامپلی کی جانب ٹریفک کو بند کردیا گیا تھا اور راحت کاری اقدامات جاری تھے ۔۔ ع
آگ میں پھنسے افراد کی شناخت ، ایک شخص کی موت
دیگر افراد کا پتہ نہ چل سکا ، متاثرہ افراد خاندان کی آہ و بکاسے غم کا ماحول
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : نامپلی فرنیچرس شوروم میں لگی آگ کے سبب عمارت میں پھنسے افراد کی شناخت یادایا ، امتیاز ، پرنیتا اور اکھیل کے طور پر کرلی گئی ۔ یادیا اس شوروم میں چوکیداری کرتا تھا جو اس کی بیوی لکشمی اور دو بچوں پرنیتا اور اکھیل عمر گیارہ اور سات سال کے ساتھ رہتا تھا ۔ آگ لگنے کے فوری بعد امتیاز جو یادیا کے ساتھ موجود تھا ۔ اس نے یادیا کے بچوں کو بچانے کی خاطر اپنی جان داؤ پر لگادی اور فوری جو عمارت کے باہر تھا عمارت میں گھس گیا جس کے بعد یادایا عمارت میں چلا گیا ۔ یادیا کے بچے سیلر میں کھیل رہے تھے ۔ اس عمارت میں دو سیلر بنائے گئے ہیں ۔ امتیاز کی فکر میں عمارت کے باہر موجود اس کے رشتہ داروں نے ارباب پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ امتیاز کے والدین کو بیٹے کی سلامتی کے لیے آہ و بکا نے دیکھنے والوں کو غم زدہ کردیا ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ان ضعیف بے بس والدین کو دلاسہ دیا ۔ سبحان پورہ علاقہ سے تعلق رکھنے والا امتیاز شادی شدہ اور صاحب اولاد نوجوان ہے ۔ اس کی سلامتی کی فکر لیے سبحان پورہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے افراد دوست احباب اور رشتہ دار نامپلی پہونچ گئے ۔ اور پولیس و حکام کی منت و سماجت کے باوجود اپنے عزیز کی سلامتی کی اطلاع کا انتظار کرتے رہے ۔۔ ع