نامپلی کے 3 بلدی ڈیویژنس میں اتم کمار ریڈی کا کامیاب روڈ شو

   

ہزاروں افراد کی شرکت، فرقہ پرست ایجنڈہ کے بجائے ترقی کو ووٹ دینے کی اپیل
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج شہر کے کئی بلدی حلقوں میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں سے ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی نے نامپلی علاقہ کے بلدی ڈیویژنس وجئے نگر کالونی، مہدی پٹنم اور ریڈ ہلز میں روڈ شو کرتے ہوئے عوام سے خطاب کیا۔ تینوں حلقوں میں ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کے حامی روڈ شو میں شریک تھے اور دو گھنٹوں سے زائد تک اتم کمار ریڈی عوام کے درمیان رہے۔ وجئے نگر کالونی میں بائیک ریالی کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان پرجوش انداز میں شریک ہوئے اور کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کا وعدہ کیا۔ اتم کمار ریڈی کے ہمراہ نامپلی انچارج محمد فیروز خاں، نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں، نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ظفر جاوید اور دیگر مقامی قائدین موجود تھے۔ انتخابی مہم کے آخری دن اتم کمار ریڈی کے روڈ شو سے کانگریس کارکنوں کے حوصلوں میں اضافہ ہوا ہے اور عوام کی کثیر تعداد سے یہ محسوس ہورہا تھا کہ تینوں حلقوں میں تبدیلی کی لہر ہے۔ اتم کمار ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی کانگریس کی دین ہے۔ حیدرآباد میں تمام اہم پراجکٹس کانگریس دور حکومت کے شروع کردہ ہیں۔ کانگریس نے ہمیشہ امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس بلدیہ پر کانگریس کے قبضہ کے بعد ترقیاتی ایجنڈہ پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں سے چوکس رہیں جو جذباتی تقاریر اور نعروں کے ذریعہ عوام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس، ٹی آر ایس اور بی جے پی نے انتخابی مہم میں عوامی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے جذباتی سیاست کی ہے۔ انہوں نے حلقہ میں فیروز خاں کی عوامی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ عہدہ نہ ہونے کے باوجود وہ عوامی خدمات کا دیرینہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ فیروز خاں نے یقین دلایا کہ کانگریس امیدواروں کے انتخاب کے بعد نامپلی اسمبلی حلقہ پسماندگی سے نجات حاصل کرلے گا۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے امیدوار عنایہ فاطمہ وجئے نگر کالونی، مہیش منگے مہدی پٹنم اور عائشہ فرحین ریڈ ہلز موجود تھے۔