تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپے کی فراہمی، وزیر مال سرینواس ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ 15 اگست تک بے زمین غریب خاندانوں کو ایسے ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کریں جو نامکمل ہیں۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ مکمل شفافیت کے ساتھ استفادہ کنندگان کا انتخاب کریں۔ سابق حکومت کے دور میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بیشتر مکانات نامکمل رہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ نامکمل مکانات کی تکمیل کے لئے حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کے لئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ سے زیادہ اس بات کو اہمیت دی جائے کہ ضرورت مندوں کو مکانات فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ حال میں داخل کی گئی درخواستوں کا جائزہ لیں۔ اندراماں ہاوزنگ اسکیم پر سرینواس ریڈی نے حکام سے کہا کہ ریت کی سربراہی اور استفادہ کنندگان کو امداد کی اجرائی میں کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب کا عمل شفاف ہونا چاہئے۔ وزیر مال نے کہا کہ اسکیم سے کسی بھی شکایت کے اندراج کیلئے ٹول فری نمبر دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حال ہی میں ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی تھی کہ مقامی ارکان اسمبلی کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ہر منڈل میں راشن کارڈس کی تقسیم عمل میں لائیں۔ سروینواس ریڈی نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ 10 اگست تک منظورہ راشن کارڈس کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ورنگل ضلع کی ترقی کے لئے حکومت کئی اقدامات کررہی ہے۔ مامنور میں ایئرپورٹ کی تعمیر سے ضلع میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ حکومت نے ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے 205 کروڑ مختص کئے ہیں۔ 1
سری رام ساگر پراجیکٹ میں پانی کا بہاؤ
حیدرآباد 27/ جولائی(یواین آئی) نظام آباد کے سری رام ساگر پراجیکٹ میں پانی کا بہاؤ درج کیا گیا۔ حالیہ دنوں تک اس میں پانی کا بہاؤ 2000 کیوسک سے زیادہ نہیں تھا لیکن اتوار کی صبح 6 بجے یہ بہاؤ بڑھ کر 20,000 کیوسک تک پہنچ گیا۔ شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکام نے عوام کو محتاط رہنے ہدایت دی ہے ۔