نانا پٹولے کی شنڈے اور اجیت پوار کو ایم وی اے میں شمولیت کی پیشکش

   

ممبئی : کانگریس کے سینئر لیڈر نانا پٹولے نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے اور اجیت پوار کو مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے ) میں شامل ہونے اور بدلے میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ حاصل کرنے کی ’مزاحیہ پیشکش‘کی، جس پر بی جے پی نے طنزیہ ردعمل دیا۔ پٹولے کا یہ بیان ہولی کے تہوار کے موقع پر آیا، جسے سیاسی حلقوں میں مزاحیہ انداز میں لیا گیا۔ تاہم، ان کے اتحادیوں، ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا (یو بی ٹی) اور شرد پوار کی این سی پی (ایس پی) نے اس بیان سے خود کو الگ کر لیا۔ بی جے پی نے نانا پٹولے کے اس بیان پر طنزکرتے ہوئے کہا کہ ایم وی اے کو عوام نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا مینڈیٹ دیا ہے اور انہیں کم از کم 5 سال تک یہ کردار نبھانا چاہیے ۔ شیو سینا کے سربراہ ایکناتھ شنڈے اور این سی پی کے صدر اجیت پوار فی الحال بی جے پی کی قیادت والی مہا یوتی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ کانگریس ایک قومی پارٹی ہے ۔ اگر شنڈے اور پوار ہمارے ساتھ شامل ہوتے ہیں تو ہم انہیں حمایت فراہم کریں گے ۔ دونوں ہی وزیر اعلیٰ کے عہدے کے خواہشمند ہیں۔ شنڈے کو لگتا ہے کہ انتخابات ان کی قیادت میں لڑے گئے ، اس لیے وہ اس عہدے کے حقدار ہیں، جبکہ اجیت پوار بھی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس لیے ہم انہیں باری باری وزیر اعلیٰ بنا سکتے ہیں۔ پٹولے نے مزید کہا کہ شنڈے اور پوار کی موجودہ حالت اچھی نہیں ہے کیونکہ بی جے پی اتحادیوں پر دباؤ ڈال کر ان پر قبضہ کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں 288 نشستوں میں سے بی جے پی نے 132 نشستیں حاصل کیں اور اسے چھوٹی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہے ۔
اس کے اتحادیوں میں شیو سینا نے 57 اور این سی پی نے 41 نشستیں جیتی تھیں۔ اس کے برعکس، ایم وی اے کے پاس شیو سینا (یو بی ٹی) کی 20، کانگریس کی 16 اور این سی پی (ایس پی) کی 10 نشستیں ہیں، جو حکومت سازی کے لیے ناکافی ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر اور ریونیو منسٹر چندرشیکھر باونکولے نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایم وی اے کو عوام نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا مینڈیٹ دیا ہے اور انہیں اسے قبول کرتے ہوئے کم از کم 15 سال تک اپوزیشن میں ہی رہنا چاہیے ۔