تلنگانہ کی سرحد پر ملزم گرفتار، قتل کی وجہ چوری ، پولیس کو شبہ
اورنگ آباد ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ کے ناگتھانا کے ایک آشرم میں سادھو کا گلاگھونٹ کر قتل کردیا گیا جبکہ ایک اور شخص کے قتل کی بھی اطلاع ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واردات کے چند گھنٹوں بعد ہی ملزم کو تلنگانہ کی سرحد پر تنور پولیس اسٹیشن کے حدود میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا گیا ہیکہ ڈکیتی قتل کی وجہ ہوسکتی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وجئے کمار ماگر نے بتایا کہ 33 سالہ شیواچاریہ نرنے ردرا پرتاپ مہاراج اور 50 سالہ بھگوان شنڈے کا امری پولیس اسٹیشن حدود میں ہفتہ کی صبح 4 بجے کے آس پاس قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملزم سائی ناتھ لنگاڈے ہسٹری شیٹر ہے اور چنچلا گاؤں کا رہنے والا ہے جو بھگوان شنڈے سے واقف تھا۔ سائی ناتھ نے پہلے شنڈے کا قتل کیا اور اس کی نعش کو باتھ روم میں رکھ دیا۔ وہاں سے سادھو کے مقام پر پہنچا اور سادھو کا قتل کردیا اور سادھو کی نعش کو اس نے کار میں رکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن کار آشرم کے گیٹ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں مقامی لوگ نیند سے جاگ کر باہر آ گئے۔ ملزم کار چھوڑ کر ٹو وہیلر پر فرار ہوگیا۔ ملزم کے خلاف پہلے ایک قتل کا مقدمہ جو 10 سال پہلے کیا گیا تھا۔ ایس پی نے بتایا کہ سرقہ ہی قتل کی وجہ ہوسکتی ہے کیونکہ ملزم 70 ہزار اور ایک لیاپ ٹاپ لیکر فرار ہوا۔ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے اس واردات پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ ملزم اسی طبقہ سے تعلق رکھتا ہے اور قتل کے اس واردات میں فرقہ وارانہ نوعیت کا کوئی زاویہ نہیں ہے۔ قتل کی واردات پال گھر لنچنگ واقعہ کے تقریباً ایک ماہ بعد پیش آئی ہے جس پر مختلف گوشوں سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔