۔25 کے معائنے منفی ، دیگر 41 سکھ یاتریوں کی رپورٹس کا انتظار ، 11 کا فیصلہ باقی
اورنگ آباد۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں واقع گردوارہ لنگر صاحب میں فی الحال مقیم 20 افراد کے کورونا وائرس معائنے مثبت پائے گئے۔ ایک عہدیدار نے ہفتہ کو یہ اعلان کیا اور کہا کہ گردوارہ میں رہنے والے 97 افراد کے لعاب کے نمونے معائنے کیلئے حاصل کئے گئے تھے۔ سیول سرجن ڈاکٹر نیل کانت بھوسیکر نے کہا کہ 20 افراد کے معائنے کورونا وائرس پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ان تمام کو این آر آئی بھون کووڈ کیر سنٹر ناندیڑ میں رکھا گیا ہے‘‘۔ ان کے نمونے 30 اپریل اور یکم مئی کو جمع کئے گئے تھے۔ جن کے منجملہ 25 منفی پائے گئے ہیں۔ دیگر 41 کے رپورٹس کا انتظار ہے۔ 11 دوسری رپورٹس کے بارے میں ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔ گردوارہ لنگر صاحب جمعہ کو اس وقت بند کردیا گیا جب وہاں سے متعدد یاتری اپنی ریاست پنجاب واپس ہوگئے تھے اور وہاں ان کے معائنے کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ گردوارہ حضور صاحب اس مقام پر ہیں، جس کو حکام نے جمعہ کے روز ناکہ بندی کے ذریعہ بند کردیا۔ حضور صاحب کو تخت حضوری صاحب سچکھنڈ بھی کہا جاتا ہے جو ملک بھر میں واقع سکھوں کے مقدس ترین مقامات میں شامل ہے۔ حکومت پنجاب کے اعداد کے مطابق ناندیڑ گردوارہ سے واپس 3,500 یاتریوں کے منجملہ کم سے کم 115 یاتری کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ 23 اپریل کو اکثر یاتری خانگی گاڑیوں کے ذریعہ ناندیڑ سے پنجاب پہنچے تھے ۔ اس دوران 28 اپریل کو 2 ڈرائیورس اور ان کے ہیلپرس کو ناندیڑ کی سرحد پر اردھا پور کے قریب روک لیا گیا تھا۔ ان کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جو کورونا پازیٹیو پائے گئے ۔ بھوسیکر نے کہا کہ یہ تینوں وشنو پوری میں زیرعلاج ہیں۔
