تین افراد گرفتار، گڈی ملکاپور پولیس کی کارروائی
حیدرآباد:/18 جنوری (سیاست نیوز) گڈی ملکاپور پولیس نے نانل نگر کے قریب واقع ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں دھاوا کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا جو ہندوستان کی جعلی کرنسی کا کاروبارکررہے تھے ۔ پولیس کے مطابق ایولان اپارٹمنٹ میں جعلی کرنسی کی لین دین کی اطلاع پر گڈی ملکاپور پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر سی ایچ سریش نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے تین افراد جن میں دو کا تعلق راجستھان سے ہے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے جعلی ہندوستانی کرنسی برآمد کرلئے ۔ تفصیلات کے مطابق 23 سالہ بابو لال جٹ کوکنا اور اس کا ساتھی 22 سالہ دھرم ویر جن کا تعلق راجستھان سے ہے اور ایک کینیائی باشندہ اویس ہرسی سالات کو حراست میں لے لیا اور ان کی تلاشی لینے پر ان کے قبضہ سے 500 روپئے کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کارروائی میں پولیس نے 500 روپئے جعلی نوٹس کے 10 بنڈلس برآمد کئے ہیں اور 4 موبائیل فون اور ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کی گئی ہے ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ تینوں افراد جعلی کرنسی کے لین دین کے مسئلہ پر آپس میں جھگڑ رہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر پولیس وہاں پہنچ گئی اور انہیں گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جعلی کرنسی کے کاروبار میں مزید افراد بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے اور اس معاملہ کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ب