نان امیگرینٹ ویزا کی اجرائی میں امریکی سفارتی مشن کی نمایاں کارکردگی

,

   

تعلیم ، سیاحت اور تجارت کیلئے امریکی ویزا کی مانگ میں اضافہ، امریکہ سفر کرنے والوں کی تعداد میں 26 فیصد کا اضافہ، ویزا کی اجرائی کو آسان بنانے کے اقدامات
حیدرآباد 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) ہندوستان میں امریکی سفارتی مشن نے 2024 میں مسلسل دوسرے سال نان امیگرینٹ ویزا کی اجرائی میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہندوستان سے امریکہ میں سیاحت ، تجارت اور تعلیم کیلئے ویزا کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور امریکی سفارتی مشن نے وزیٹرس ویزا کی اجرائی میں بھی ریکارڈ بنایا ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں امریکہ کا دورہ کرنے والے افراد کی تعداد میں 5 گنا اضافہ ہوا اور دو ملین سے زائد ہندوستانیوں نے امریکہ کا سفر کیا۔ سال 2024 کے 11 ماہ میں ہندوستانیوں نے بڑی تعداد میں امریکہ کے سفر کو ترجیح دی ہے اور 2023 کے مقابلہ 26 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ امریکی مشن سے پانچ ملین سے زائد ہندوستانیوں کو نان امیگرینٹ ویزا جاری کئے گئے اور روزانہ ہزاروں نان امیگرینٹ ویزا کی اجرائی عمل میں آئی۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے امریکہ میں جاریہ سال H1B ویزا کے رینول سے متعلق پائلٹ پروگرام پر کامیابی سے عمل کیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت ہندوستان سے تعلق رکھنے والے مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کو امریکہ میں رہ کر ویزا کے رینول کی سہولت فراہم کی گئی۔ اس پروگرام کے تحت ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانیوں کی درخواست کی یکسوئی کی جارہی ہے۔ امریکی حکام نے ویزا کی تجدید کیلئے ایک منفرد اسکیم شروع کی جس پر 2025 سے عمل ہوگا۔ہندوستان میں موجود امریکی مشن نے امریکہ میں مقیم خاندانوں کو ایک دوسرے سے ملانے اور مختلف پیشہ ورانہ ملازمت اختیار کرنے والے افراد کیلئے ہزاروں امیگرینٹ ویزا جاری کئے ہیں۔ امیگرینٹ ویزا ہولڈرس امریکہ آمد کے بعد مستقل طور پر قیام کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ امریکہ میں غیر مقیم ہندوستانیوں کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے۔ امریکی سفارتی مشن نے ہندوستان میں مقیم امریکی شہریوں اور ہندوستان کا سفر کرنے والے افراد کیلئے 24 ہزار سے زائد پاسپورٹس جاری کئے ہیں اور دیگر سفارتی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ حکام نے اسمارٹ ٹراویلر انرولمنٹ پروگرام تیار کیا ہے جس کے تحت سفارتخانہ اور کونسلیٹ کو کسی بھی ہنگامی حالات کی صورت میں امریکی شہریوں سے رابطہ کرنے میں سہولت ہوگی اور انہیں بحفاظت ملک واپس بھیجا جاسکتا ہے۔ امریکی سفارتی ذرائع کے مطابق نان امیگرینٹ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہر ہفتہ درخواستوں کی یکسوئی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہندوستانی طلبہ کی جانب سے امریکی ویزا کے حصول میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ 2024 میں ہندوستان سے طلبہ کی روانگی کی تعداد کے اعتبار سے دیگر ممالک کے مقابلہ ہندوستان کو سبقت حاصل رہی۔ تعلیمی سال 2008-09 سے آج تک امریکہ میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبہ کی تعداد 331000 ہے۔ ہندوستانی گریجویٹ طلبہ کی تعداد میں 19 فیصد کا اضافہ ہوا اور دوسرے سال یہ تعداد بڑھ کر 200000 ہوچکی ہے۔ کئی ایکسچینج وزیٹرس امریکہ میں اپنے پروگرام کی تکمیل کے بعد وطن واپس ہوئے بغیر امریکہ میں قیام کی سہولتیں حاصل کر رہے ہیں اور انہیں تعلیم اور کیریئر کی سہولتیں حاصل ہیں۔ ہندوستان کو ایکسچینج وزیٹرس اسکل کی فہرست سے علحدہ کرنے کے بعد سے ہندوستانی J1 نان امیگرینٹ ویزا بآسانی حاصل کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے امریکی سفارتی مشن نے بہتر خدمات کی فراہمی کا عہد کیا ہے۔ حیدرآباد میں واقع امریکی سفارتی مشن کی جانب سے ملک بھر میں 2024 کی سفارتی سرگرمیوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔1