برسلز: یورپی یونین نے روسی حکومت اور صدر پوٹن کے ناقد اور اپوزیشن لیڈر آلیکسی ناوالنی کو زہر دے کر مارنے کی کوشش کی سخت مذمت کی ہے۔ ایک خصوصی اجلاس میں تمام 27 ممالک نے ناوالنی کے خلاف ’کیمیائی ہتھیار‘ یعنی زہر کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے اس کیس کی تفصیلات سے تمام یورپی سربراہان مملکت کو آگاہ کیا۔ یورپی یونین نے روسی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے لیے یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کریں اور ناوالنی کو مارنے کی کوشش کے ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
