برسلز : ناٹوکے سیکرٹری جنرل ینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ وہ اس ہفتہ تحریری طور پر روس کی طرف سے ناٹو کو معاہدے کی پیشکش کا جواب دیں گے۔سی این این ٹیلی ویڑن چینل سے بات کرتے ہوئے، اسٹولٹن برگ نے روسی ایوان صدر کی جانب سے کریملن کے جواب کے منتظر ہونے کے بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ ناٹو کا تحریری جواب اس ہفتے بھیجیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ “ہم فی الحال اپنی تجاویز کو حتمی شکل دے رہے ہیں، جسے دوران ہفتہ بھیج دیا جائیگا۔ ہم یہ کام امریکہ کے ساتھ متوازی طور پر کریں گے کیونکہ امریکہ کو چند ہفتے قبل ایک معاہدے کی پیشکش موصول ہوئی تھی۔ اسی طرح ہمیں بھی اسی طرز کا ایک مسودہ موصول ہوا تھا۔ ہم مرکزی معاملات پر مل بیٹھ کر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہونے کا پیغام دیں گے۔اسٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ، فوجی سرگرمیوں میں شفافیت، خطرات میں کمی کے طریقہ کار اور یورپ کی سلامتی سے متعلق دیگر امور پر بات کرنے کے لیے تیار ہے۔