بروسیلز، 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی اوقیانوس معاہدہ تنظیم (ناٹو) نے فضا، زمین، سمندر اور سائبر میدان کی طرح خلائی علاقے کی سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اس علاقے میں اپنی مہم شروع کرنے کے اشارے دئیے ہیں۔ناٹو کے سکریٹری جنرل جینس ا سٹولٹنبرگ نے چہارشنبہ کو یہاں ناٹو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔مسٹر اسٹولٹنبرگ نے کہا‘‘ہم اس معاملہ پر متفق ہیں کہ ہوا، زمین، سمندر اور سائبر میدان کی طرح خلائی علاقے میں بھی ہمیں اپنی مہم شروع کرنی چاہئے ۔ یہاں زمین پر روزانہ خلا کسی نہ کسی طور پر ہماری سرگرمیوں سے منسلک ہے ۔اسے پرامن مقاصد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن یہ جارحانہ انداز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ’’۔ناٹو کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ خلا میں مصنوعی سیارہ کو جام کیا جا سکتا ہے ، ہیک کیا جا سکتا ہے یا اسلحہ سے لیس کیا جا سکتا ہے ، جس سے مواصلات اور مختلف خدمات اور علاقوں کو روکااور متاثر کیا جا سکتا ہے ۔خلائی علاقے میں اپنی مہم کی شروعات ناٹو کی دفاعی صلاحیت کو مضبوطی فراہم کرے گا۔ اس سے میزائل لانچ کا پتہ لگانے اور انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے کی اتحادی قوتوں کی صلاحیتوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔مسٹر اسٹولٹنبرگ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ناٹو ایک دفاعی اتحاد ہے جس کا بین الاقوامی قانون کے مطابق خلا میں ہتھیار تعینات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔