برسلز۔ 13 ستمبر (یو این آئی) ناٹو نے پولینڈ کی فضائی حدود میں روسی ڈرون کی دراندازی کے بعد یورپ کے مشرقی حصے کے دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے نئے منصوبے کا آغاز کردیا۔ ناٹو نے ’’ایسٹرن سینٹر کمانڈ‘‘ کے قیام کا اعلان کر دیا، منصوبہ روسی ڈرونز کی پولینڈ کی فضائی حدود میں دراندازی کے بعد شروع کیا گیا ہے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ناٹو سیکریٹری جنرل مارک روٹے کا کہنا ہے کہ یورپ کی مشرقی سرحد پر دفاعی تیاری مزید مضبوط کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک، فرانس، برطانیہ، جرمنی اور دیگر اتحادی ممالک کی شراکت سے یہ نیا فوجی ڈھانچہ چند روز میں فعال ہوجائے گا۔ امریکی جنرل الیکسس گرنکویچ نے کہا ہے کہ ایک اتحادی پر حملہ سب پر حملے کے مترادف ہے ، ڈنمارک، فرانس، برطانیہ اور جرمنی مشن میں شریک ہونگے ، مزید ممالک بھی متوقع ہیں۔ فرانسیسی صدر میکرون نے پولینڈ میں 3 رافیل طیارے بھیجنے کا اعلان کردیا، پولینڈ کے وزیر دفاع نے ناٹو کے فیصلے کو روسی پالیسی کیخلاف بروقت ردعمل قرار دیا۔
ٹرمپ کا ایک اور شہرمیمفس میں فوج تعینات کرنے کا اعلان
واشنگٹن۔ 13 ستمبر (یو این آئی) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں فوجی تعیناتی کا اعلان کر دیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ میمفس شدید مسائل کا شکار ہے واشنگٹن کی طرح صورتحال قابو میں لائیں گے ، میئر میمفس فوجی تعیناتی کے فیصلے پر خوش ہیں۔ میمفس میں جرائم کی شرح بلند ہو رہی ہے جہاں آبادی 6 لاکھ11ہزار ہے اور 24 فیصد غربت ہے ۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ میمفس کا شمار امریکہ کے پُرتشدد ترین شہروں میں ہوتا ہے ۔ امریکی صدر نے عندیہ دیا ہے کہ نیواورلینز میں بھی نیشنل گارڈ تعینات کیے جا سکتے ہیں۔