نیویارک: سرد جنگ کے بعد کی سب سے بڑی ان فوجی مشقوں میں تقریباً نوے ہزار اہلکار شامل ہوں گے اور ناٹو کے علاقائی دفاعی منصوبوں پر عمل درآمد کی مشق کریں گے۔ناٹو کے اعلیٰ کمانڈر جنرل کرس کیولی نے کہا کہ مغربی دفاعی اتحاد اگلے ہفتے سے سرد جنگ کے بعد کی اپنی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز کرے گا، جس میں تقریباً 90000 اہلکار مہینوں تک جاری رہنے والے جنگی مشقوں میں حصہ لیں گے۔کیولی نے جمعرات کے روز کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران ناٹو کے اپنے علاقائی منصوبوں پر عمل درآمد کرنے کی مشق کی جائے گی۔ ناٹو اتحاد نے گزشتہ کئی دہائیوں میں پہلی مرتبہ وہ دفاعی منصوبے بنائے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ روسی حملوں کا کس طرح جواب دے گا۔ناٹو نے اپنے اعلان میں روس کا نام نہیں لیا ہے لیکن اس کی اعلیٰ اسٹریٹیجک دستاویزات ماسکو کو اتحاد کے رکن ممالک کیلئے سب سے اہم اور براہ راست خطرے کے طورپر نشاندہی کرتے ہیں۔ناٹو کے اعلیٰ کمانڈر نے بتایا کہ ان فوجی مشقوں میں طیارہ بردار سے لے کر لڑاکو طیاروں سے لیس 50 سے زیادہ بحری جہاز، 80 سے زائد فائٹر جیٹ، ہیلی کاپٹر اور ڈرونز اور کم از کم گیارہ سو جنگی گاڑیاں بشمول 133 ٹینک اور 533 انفنٹری گاڑیاں، شامل ہوں گی۔ ناٹو نے کہا، “ثابت قدم محافظ 2024 نامی اس فوجی مشق کے ذریعہ یورپ کو تقویت دینے کیلئے شمالی امریکہ اور اتحاد کے دیگر حصوں سے تیزی سے افواج کو تعینات کرنے کی ناٹو کی صلاحیتوں کو پیش کیا جائے گا۔”کیولی نے برسلز میں رکن ملکوں کے دفاعی سربراہوں کی دو روزہ میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ان فوجی مشقوں میں ہم اس مرتبہ مخالف کی طرف سے ابھرتے ہوئے تنازع کے منظر نامے کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔