چیف منسٹر اور وزراء کو خودستائی کی عادت، عوامی وعدوں سے انحراف
حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کے تمام وزراء اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو جھوٹے پروپگنڈے کے ذریعہ عوام بالخصوص کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کل نلگنڈہ میں پیش آئے واقعہ کو بدبختانہ قرار دیا جہاں ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ان کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے شخصی حملے کئے۔ اتم کمار ریڈی نے فصلوں پر قرض کی معافی اور دھان کی خریدی کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا جس پر جگدیش ریڈی بے قابو ہوگئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس وزراء کو جھوٹ کی عادت ہوچکی ہے اور وہ اپنے آپ کو عوامی برہمی سے بچانے کے لیے جھوٹے دعوے کررہے ہیں۔ بحث تکرار کے دوران جگدیش ریڈی یہ بھول گئے کہ وہ ریاستی وزیر ہیں۔ میں بھی متحدہ آندھراپردیش میں وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکا ہوں اور کبھی بھی اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور وزراء اپنی خود ستائی پر یقین رکھتے ہیں اور جھوٹے دعوئوں کے ذریعہ چاہتے ہیں کہ ہر کوئی ان کی تعریف کرے۔ آنکھ بند کرتے ہوئے وہ سمجھتے ہیں کہ دنیا نہیں دیکھ رہی ہے۔ اپنی غلطیوں اور خامیوں کی نشاندہی پر برہم ہونا کمزوری کی علامت ہے۔ صدرپردیش کانگریس نے سوال کیا کہ حکومت کے لیے فصل قرض کی معافی میں آخر کیا دشواری ہے۔ گزشتہ چھ برسوں میں حکومت نے وعدے کے باوجود ایک روپیہ بھی قرض کسانوں کا معاف نہیں کیا جبکہ کانگریس کی چھتیس گڑھ حکومت نے کسانوں کے 11 ہزار کروڑ کا قرض معاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کو علیحدہ ریاست کا تحفہ دیا لیکن کے سی آر خاندان کے علاوہ نئی ریاست سے عوا م کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔