ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے کانگریس قائدین کی شمولیت

   

بی جے پی پر ریونت ریڈی کا الزام، مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر پر تنقید
حیدرآباد : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی اور عوامی خدمت میں ناکامی کو چھپانے کیلئے کانگریس قائدین کو پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دے رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ شہر کی ترقی کے بارے میں بی جے پی کے پاس کوئی کارنامہ نہیں ہے ، لہذا وہ کانگریس قائدین کو شامل کرتے ہوئے انتخابات میں کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے۔ بی جے پی کے صدر بی سنجے نے اعلان کیا تھا کہ حیدرآباد بلدی انتخابات میں تنہا مقابلہ کیا جائے گا اور کسی پارٹی سے مفاہمت نہیں ہوگی لیکن پون کلیان کی جنا سینا سے تائید حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی ، ڈاکٹر لکشمن اور سنجے کی جانب سے ملاقات کے بعد پون کلیان نے گریٹر انتخابات میں حصہ لینے کے بجائے بی جے پی کی تائید کا اعلان کیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پون کلیان نے اپنے طور پر تائید نہیں کی بلکہ بی جے پی درخواست پر تائید کا اعلان کیا گیا ۔ انہوں نے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کی تائید کی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ موسیٰ ندی کو ناجائز قبضوں اور آلودگی سے بچانے کیلئے کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی سے نمائندگی کی تھی لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس کو حلیف جماعت قرار دیا اور کہا کہ دونوں پارٹیاں عوام گمراہ کر رہی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرین کی امداد کے لئے مرکی جانب سے کوئی فنڈس جاری نہیں کئے گئے ۔