ناکامی کے خوف سے مجھے بدنام کرنے کی کوشش : وشویشور ریڈی

   

۔15 کروڑ کی ضبطی کا الزام بے بنیاد،چیوڑلہ میں کانگریس کے حق میں خاموش لہر
حیدرآباد ۔ 10۔ اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کونڈا وشویشور ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے شکست کے خوف سے ان کے خلاف بے بنیاد الزامات کے ذریعہ رائے دہندوں کو خریدنے کے بارے میں مذموم مہم شروع کی ہے ۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون ، پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈنیشن کمیٹی کنوینر جی نرنجن اور سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی کے ہمراہ وشویشور ریڈی نے آج چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے ملاقات کی اور اس سلسلہ میں یادداشت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی منظم سازش کے تحت ان کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ ان کے قریبی شخص کے پاس سے 10 لاکھ روپئے برآمد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے 15 کروڑ روپئے ضبط کرنے کا پرچار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کے پاس سے 10 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے لیکن حکومت کی جانب سے میڈیا میں تشہیر کی جارہی ہے کہ وشویشور ریڈی کے قریبی مددگار کے پاس 15 کروڑ ضبط کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ میں بھاری اکثریت سے ان کی کامیابی یقینی ہے جس سے ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے رائے دہندوں کو خریدنے کیلئے کوئی رقم تقسیم نہیں کی۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ میڈیا کو اس طرح کی خبریں مکمل سچائی جاننے کے بعد ہی پیش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹلجنس سروے میں ان کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی رپورٹ چیف منسٹر کو موصول ہوئی ہے جس کے بعد ان کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا ۔ وشویشور ریڈی نے سوال کیا کہ اگر 15 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے تو وہ کہاں ہیں؟ عوام کو بتایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ میں کیا ہوں ؟ میں نے کبھی بھی اس طرح ووٹ خریدنے کا کام نہیں کیا ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے مجھے بدنام کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی ۔ چیوڑلہ میں کانگریس کے حق میں خاموش لہر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر ٹی آر ایس کی شکست کے خوف کا شکار ہوچکے ہیں اور انہوں نے رقومات کی تقسیم کا الزام عائد کیا ہے جس کے لئے پولیس اور سرکاری مشنری کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ پارٹی ترجمان ڈی شراون نے دعویٰ کیا کہ چیوڑلہ سے کونڈا وشویشور ریڈی کی کامیابی یقینی ہے۔ جس شخص کا وشویشور ریڈی سے کوئی تعلق نہیں ، اس کے پاس 10 لاکھ روپئے ضبط کرتے ہوئے کروڑہا روپئے ضبط کرنے کا پرچار کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ حکومت کو ثابت کرنا چاہئے کہ 15 کروڑ کہاں ہیں یا پھر ان پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے جو وشویشور ریڈی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ کے عوام ٹی آر ایس کو اس مہم کے سلسلہ میں سبق سکھائیں گے۔