ناکام اداکاروں کو بار بار موقع کیوں دیا جاتا: زرین خان

   

ممبئی، 4 ستمبر (ایجنسیز)۔ بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے حال ہی میں کرن جوہر جیسے پروڈیوسرز پر سوال اٹھائے ہیں کہ آخرکیوں وہ ایسے اداکاروں کو بار بار متعارف کرتے ہیں جو اپنی صلاحیت ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے مطابق جب ان اداکاروں کو لگاتار مواقع ملتے رہتے ہیں تو انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوئی تحریک نہیں ملتی۔ زرین خان نے فرحیدون شہریارکے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم علی خان کی پہلی فلم نادانیاں کو فضول قراردیا۔ انہوں نے کہا جب ہم ابراہیم کی نادانیاں کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو معاف کیجیے، یہ بالکل ہی ایک ہلکی پھلکی، غیر سنجیدہ فلم لگتی ہے۔ اس میں آپ کتنی ہی اداکاری دکھا سکتے ہیں؟ میں نے ان کی دوسری فلم سرزمین نہیں دیکھی، وہ زیادہ سنجیدہ لگ رہی ہے اور آپ کہہ رہے ہیں کہ اس میں وہ کچھ بہتر ہیں۔ شاید انہیں ایک ایسے ڈائریکٹرکی ضرورت ہے جو انہیں صحیح رہنمائی دے۔ جیسا کہ میں نے دپیکا کے بارے میں بھی سنا ہے کہ جب وہ انڈسٹری میں آئیں تو بالکل ان پالشڈ تھیں، لیکن سنجے لیلا بھنسالی نے انہیں نکھارا۔زرین نے مزید کہا کہ نوجوان ڈائریکٹرز جن کا ابھی تک خاطر خواہ کیریئر نہیں بنا ہوتا، اکثر اسٹارکڈز یا بڑے پروڈکشن ہاؤسزکے پسندیدہ اداکاروں کو کاسٹ کرنے سے گھبراتے ہیں۔ انہیں ڈر رہتا ہے کہ کہیں وہ فلم ہی ہاتھ سے نہ کھو بیٹھیں۔