لاہور۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایک عرصے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ان کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے تجربہ کار عمر اکمل اور احمد شہزاد کی ایک عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے لیکن دونوں ٹی20 میچز میں دونوں ہی کھلاڑی کچھ قابل ذکر کھیل پیش نہ کر سکے۔ عمر اکمل3 سال بعد اپنے پہلے اور دوسرے ٹی20 میچ میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے جبکہ احمد شہزاد بھی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکے۔ سیریز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور ناتجربہ کار سری لنکن ٹیم کے خلاف ہدف کے تعاقب میں سیریز گنوادی۔ پہلے ٹی20 میچ میں ناکامی کے باوجود کپتان سرفراز احمد نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ ڈومیسٹک سیزن اور پی ایس ایل میں ان دونوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہم میں واپس آنے والے کھلاڑیوں مکلمل مواقع دینے کی کوشش کر رہے ہیں، اس میں پریشانی والی کوئی بات نہیں کیونکہ دونوں تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ہم آہنگ ہونے کے بعد کارکردگی دکھائیں گے، انہیں بطور کپتان میری مکمل حمایت حاصل ہے لیکن اس کے باوجود وہ دوسرے مقابلے میں بھی ناکام رہے۔ عالمی نمبر ایک پاکستان کی 2018 میں کارکردگی انتہائی شاندار رہی تھی جہاں ٹیم نے 19 میں سے 17 ٹی20 میچوں میں فتح اپنے نام کی تھی لیکن 2019 میں ٹیم اپنے 6 میں سے 5 میچ ہار چکی ہے جس میں اب سیریز کی شکست بھی شامل ہوچکی ہے۔ ٹیم کی موجودہ شکستوں خصوصاً پاکستان کا دورہ کرنے والی نسبتاً کمزور سری لنکن ٹیم کے خلاف ناکامی کے حوالے سے سرفراز نے کہا کہ ٹی20 میں کسی بھی ٹیم کو آسان تصور نہیں کیا جا سکتا، سری لنکا نے ہم سے بہتر کھیل پیش کی جس پر انہیں مبارک باد دینا چاہیے۔
