نیویارک (امریکہ) 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے اسٹار باکسر وجیندر سنگھ نے اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے یہاں پروفیشنل سرکٹ میں ہونے والے میچ میں امریکہ کے باکسر مائیک اسنائیڈر کو شکست دے کر اپنی مسلسل 11 ویں بار جیت درج کر لی ہے ۔ہریانہ کے 33 سالہ وجیندر نے پرو باکسنگ کے مرکز کہے جانے والے امریکہ میں اپنا ڈیبو مقابلہ کھیلا اور شاندار کامیابی حاصل کی۔ وجیندر نے اپنی جیت کی مہم جاری رکھتے ہوئے آٹھ راؤنڈ کے اس مقابلے میں سنائیڈر کو چار راؤنڈ میں ہی دھو دیا۔ جیت کے بعد وجیندر نے مداحوں کا ان کی حمایت کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔وجیندر نے کہاکہ کافی وقت کے بعد رنگ میں اس طرح سے واپسی کرنا انتہائی خوشگوار ہے ۔ امریکہ میں آکر مقابلے کو جیتنا کافی اچھا ہے ۔ یہ مقابلہ واقعی بہت بہترین تھا اور میں امریکہ میں اپنے ڈیبو مقابلے میں جیت سے کافی خوش ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اس مقابلے کو جیتنے کے لئے مجھے چار راؤنڈ لگے ۔ مجھے امید تھی کہ میں دو یا تین راؤنڈ میں ہی جیت جاؤں گا لیکن یہ مقابلہ چوتھے راؤنڈ میں جاکر ختم ہوا۔ مقابلے کے دوران ایک طرف جہاں سنائیڈر وجیندر کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے وہیں ہندستانی باکسر پورے باؤٹ کے دوران اپنے حریف پر بھاری پڑے ۔ وجیندر مسلسل 10 بار جیت کر ایک سال کے وقفے کے بعد رنگ میں اترے جبکہ سنائیڈر 13-5-3 کے ریکارڈ کے ساتھ بڑی امید لئے مقابلے میں اترے تھے ۔وجیندر نے کہاکہ ٹاپ پر پہنچنا میرا خواب ہے اور اگلی بار میرا جس کسی باکسر سے مقابلہ ہوگا میں اس کے لئے پوری طرح تیار ہوں۔ وجیندر حال ہی میں سیاست میں اترنے کی تیاری میں تھے اور انہوں نے ہندستان میں لوک سبھا انتخابات بھی لڑا تھا جس میں انہیں شکست ملی تھی۔ لیکن رنگ کے اس بادشاہ نے اپنے پسندیدہ میدان میں کامیاب اور فاتحانہ واپسی کی۔وجیندر کی اس جیت کے بعد ان کے ٹرینر لی بیرڈ نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ اتنے لمبے وقفے کے بعد وجیندر نے رنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس مقابلے کے تئیں ان کے جذبے نے یہاں ان کی مدد کی ہے اور اب ہم ان کے لئے اور بھی بڑے مقابلے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ہندستانی باکسر سے شکست سے دو چار ہونے کے بعد سنائیڈر نے کہاکہ وجیندر شاندار باکسر ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ میں نے ان کے تجربے اور ٹیکنالوجی کو نظر انداز کیا۔ یہ ان کا دن تھا اور وہ اس مقابلے میں جیتے ۔ مجھے کبھی نہیں لگا تھا کہ میں ابتدائی راؤنڈ میں ہی ہار جاؤں گا۔