ناگالینڈ میں 7ایم ایل ایز نے این سی پی چھوڑ دی

   

ممبئی ، یکم جون (یو این آئی) مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو ناگالینڈ میں زبردست سیاسی دھچکا لگا ہے جہاں پارٹی کے سات ایم ایل ایز نے وفاداری بدلتے ہوئے حکمراں نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (این ڈی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔ اس پیش رفت کے بعد وزیر اعلیٰ نیفیو ریو کی قیادت والی حکومت کو اسمبلی میں قطعی اکثریت حاصل ہو گئی ہے ۔ ایم ایل ایز کی اس غیر متوقع تبدیلی پر سوال اٹھنے لگے کہ انہوں نے پارٹی کیوں چھوڑی؟ اس کا جواب خود اجیت پوار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران دیا۔اجیت پوار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان سات ایم ایل ایز میں گزشتہ چند دنوں سے بے چینی پائی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا، “دو تین مہینے قبل ناگالینڈ سے سات این سی پی ایم ایل ایز مجھ سے ملنے آئے تھے ۔ وہ ایم ایل ایز وہاں کوئی مؤثر کام نہیں کر پا رہے تھے ، جس پر میں نے وہاں کے وزیر اعلیٰ سے بھی بات کی۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ درست ہے کہ ان ایم ایل ایز میں بے چینی تھی، لیکن میں گزشتہ دو دنوں سے علیل تھا، اب میں اس معاملے کی تفصیلات جان رہا ہوں۔ ناگالینڈ میں ان سات ایم ایل ایز نے حکمراں پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے ، جہاں انحراف مخالف قانون نافذ نہیں ہوتا۔”ایک الگ معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے اجیت پوار نے اورنگ آباد میں پیش آئے اس واقعے پر ردعمل ظاہر کیا جس میں ایک لڑکی کو مارا پیٹا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ میں تمام بہنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے خواتین کے حق میں قوانین اور اصول بنائے ہیں، اور انہیں ایسے واقعات پر ضرور شکایت درج کرنی چاہیے ۔