حیدرآباد 10اگست(یواین آئی) تلنگانہ ‘ اے پی ‘ کرناٹک اور مہاراشٹرا میں شدید بارش ہو رہی ہیں، جس کے نتیجہ میں سری سیلم ، تُنگبھدرا اور ناگرجنا ساگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ۔نلہ ملہ جنگلاتی علاقہ میں مسلسل شدید بارش اور سری سیلم سے پانی کے اخراج کے باعث ناگرجنا ساگر میں پانی کی آمد برقرار ہے ۔ اس صورتحال پر حکام نے پراجکٹ کے 2 دروازے کھول کر نچلی طرف پانی چھوڑنا شروع کر دیا ہے ۔ حکام کے مطابق، اس وقت 2 دروازے پانچ فٹ تک اٹھا کر فی سکنڈ 16,200 کیوسک پانی خارج کیا جا رہا ہے ۔ ناگرجنا ساگر میں اس وقت پانی کی سطح مکمل گنجائش 590 فٹ ہے ۔یاد رہے کہ قبل ازیں بھی اس پراجکٹ کے تمام دروازے کھولے گئے تھے اور پانی کی آمد میں کمی کے بعد بند کیے گئے تھے ۔