حیدرآباد 25 ستمبر (یو این آئی) تلنگانہ کے ناگرجناساگر پراجکٹ کے دروازے کھولتے ہوئے پانی کو نچلے علاقوں میں چھوڑاگیا۔اس پراجکٹ میں بالائی علاقوں سے پانی کے شدید بہاو کے بعد اس کے 26دروازے کھولتے ہوئے پانی کو عہدیداروں نے چھوڑا۔سری سیلم ڈیم سے ناگر جنا ساگر تک 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک پانی کا بہاو درج کیاگیا جس کے بعد پانی کو خارج کیاگیا۔ پراجکٹ کے 26دروازے کھول کر 2 لاکھ 67 ہزار کیوسک اور ہائیڈرو پاور جنریشن کے لئے 32,764 کیوسک پانی نیچے چھوڑاگیا۔ دائیں اور بائیں والوز، ایم ایم آر پی اور سیلابی والوز کے ذریعہ مزید 13,884 کیوسک پانی خارج کیا گیا۔ناگرجناساگر کے نیچے واقع پلی چنتلا پراجکٹ بھی لبریز ہوگیا ہے جس کے بعد اس کے 12 دروازوں کے ذریعہ پانی نیچے چھوڑا گیا۔پراجکٹ کے دائیں اور بائیں ہائیڈرو پاور یونٹس مکمل صلاحیت کے ساتھ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔