کاؤنٹنگ ہال میں داخل ہونے کورونا کی نگیٹیو رپورٹ ضروری
حیدرآباد : ناگرجناساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کی 2 مئی کو صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ عہدیداروں کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ آج صبح کلکٹر پرشانت پاٹل مرکزی الیکشن مبصرین سجن سنگھ چوہان، آر او روہت سنگھ کی موجودگی ریہرسل کا اہتمام کیا گیا۔ جملہ 346 پولنگ مراکز کے ووٹوں کی 25 راونڈس میں گنتی ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کیلئے دو وسیع ہالس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ہر ہال میں 7 ٹیبلس کا انتظام کیا گیا ہے۔ کلکٹر نلگنڈہ پرشانت پاٹل نے بتایا کہ 2 مئی کو صبح ٹھیک 8 بجے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ پہلے پوسٹل بیالٹس کو کھولتے ہوئے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی پھر اس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کے رہنمایانہ خطوط کو پیش نظر رکھتے ہوئے ووٹوں کے گنتی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے ہال اور احاطہ میں داخل ہونے کیلئے کورونا کا نیگٹیو سرٹیفکیٹ ضروری ہے ورنہ اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کیلئے آج ہی عہدیداروں کی جانب سے عہدیداروں، انتخابی عملہ، ایجنٹلس، میڈیا کے نمائندوں اور پولیس ملازمین کیلئے ووٹوں کے گنتی کے مرکز کے پاس کورونا کے ٹسٹ کیلئے خصوصی انتظام کیا گیا۔ ٹسٹ کرانے والوں کو فوری رپورٹ پیش کی گئی۔ 2 مئی کو رپورٹ دکھا کر ہی ہر کسی کو اندر داخل ہونا ہوگا۔