ناگرجنا ساگر ضمنی انتخابات کے لیے 17 پرچہ نامزدگیاں مسترد

   

60 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ، 3 اپریل تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کی مہلت
حیدرآباد :۔ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے لیے 17 امیدواروں کے پرچہ نامزدگیاں مسترد کردی گئی ہیں ۔ 60 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں ۔ 3 اپریل تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کی مہلت ہے ۔ 17 اپریل کو رائے دہی اور 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی مقرر ہے ۔ واضح رہے کہ کل پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ۔ آج نڈامانور آر او آفس میں پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح کی گئی ۔ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات کے لیے جملہ 77 پرچہ نامزدگیاں داخل کی گئی تھیں ۔ تنقیح کے بعد 17 پرچہ نامزدگیوں کو مسترد کردیا گیا ہے ۔ جن امیدواروں کے پرچہ نامزدگیاں مسترد کردی گئی ہیں ان میں بی جے پی کی دعویدار نویدیتا ریڈی ، عام آدمی پارٹی کے علاوہ مزید 15 آزاد امیدواروں کے پرچہ نامزدگیاں شامل ہیں ۔ تمام اہم سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کی ہے ۔ ٹی آر ایس سے این بھگت کمار ، کانگریس سے کے جانا ریڈی ، بی جے پی سے روی نائیک کے علاوہ دوسروں نے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کی ہیں اور آج سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ پارٹی کے امیدوار گھر گھر پہونچکر عوام سے ووٹ طلب کررہے ہیں ۔ پارٹی قائدین کی جانب سے روڈ شوز کارنر میٹنگس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ سینئیر قائدین بھی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ہر پارٹی کامیابی کے لیے اپنا دعویٰ پیش کررہی ہے ۔ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخاب کے لیے 346 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ کورونا کے پیش نظر ہر 1000 رائے دہندوں کے لیے ایک پولنگ بوتھ مختص کیا جارہا ہے ۔ ریٹرننگ آفیسر روہت سنگھ نے بتایا کہ گذشتہ کے مقابل 53 زائد پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ 17 اپریل کو صبح 7 تا شام 7 بجے تک رائے دہی ہوگی ۔۔