ناگرجنا ساگر ضمنی انتخاب ، اعلامیہ جاری

   

پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی 30 مارچ آخری تاریخ
حیدرآباد: اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے صمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور پہلے دن 5 آزاد امیدواروں نے ا پنے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی 30 مارچ آخری تاریخ ہے ۔ 31 مارچ کو پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح کی جائے گی اور 3 اپریل تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے ۔ 17 اپریل کو رائے دہی ہوگی اور 2 مئی کو نتائج کا اعلان ہوگا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ڈسمبر میں اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی این نرسمہیا کی ناسازیٔ صحت کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا جسکی وجہ سے ضمنی انتخاب لازمی ہوگیا ہے۔سب سے پہلے کانگریس پار ٹی نے سابق قائد مقننہ کے جانا ریڈی کو اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے اور وہ 30 مارچ کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ساتھ ہی وہ 27 مارچ کو وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔تین ماہ قبل سے ہی جاناریڈی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اپنی سیٹنگ نشست کو بچانے کے لئے حکمراں ٹی آر ایس بھی سرگرم ہوگئی ہے۔ دوباک ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد چیف منسٹر کے سی آر خود میدان میں اُتر گئے ہیں۔ انھوں نے حالیہ میں جلسہ عام کا انعقاد کرتے ہوئے 100 کروڑ روپئے کے ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کیا ہے اور امیدوار کے اعلان پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔