چیف منسٹر کے سی آر نے فارم حوالے کیا ، کے سی آر جلسہ عام سے ، کے ٹی آر روڈ شو ز اور جلسوں سے خطاب کریں گے
حیدرآباد : سربراہ ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات کیلئے آنجہانی رکن اسمبلی این نرسمہا کے فرزند این بھگت کمار کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا اور انہیں بی فارم بھی حوالے کردیا ۔ بھگت کمار 30 مارچ کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ پارٹی باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر روڈ شوز میں حصہ لیں گے ۔ اس کے علاوہ دوسرے وزراء ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل کو بھی پارٹی نے مختلف منسٹرس کا انچارج بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی کے چند قائدین ہفتہ دس دن سے انتخابی مہم چلانے اور کانگریس و بی جے پی قائدین کی تنقیدوں کا جواب دے رہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے آج تلنگانہ بھون میں متحدہ ضلع نلگنڈہ کے ٹی آر ایس قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ اس اجلاس میں ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی ، رکن راجیہ سبھا جی سنتوش کمار ، ارکان قانون ساز کونسل ایس سبھاش ریڈی ، پی راجیشور ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے انتخابی مہم پر پارٹی قائدین کو مشورے دیئے ۔ ٹی آر ایس کے امیدوار این بھگت کمار کو پارٹی کے بی فارم کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کیلئے 28لاکھ روپئے کا چیک بھی پیش کیا ۔ ٹکٹ کے دعویداروں میں چناپا ریڈی ، کوٹی ریڈی ، گروہا یادو ، رنجیت یادو ، بلراج یادو کے علاوہ دوسرے شامل تھے ۔ چیف منسٹر نے تمام دعویداروں کے ناموں کا جائزہ لیا اور سروے کرانے کے بعد رپورٹ کی بنیاد پر آنجہانی رکن اسمبلی کے فرزند کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیاہے ۔ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کی شکست بی جے پی کی کامیابی اور جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی کے توقع سے بہتر مظاہرہ کے بعد اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر میں کانگریس کے امیدوار کے جانا ریڈی کی بحیثیت طاقتور امیدواری کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کوئی بھی جوکھم مول لینے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ ایک ماہ قبل ہی چیف منسٹر نے حالیہ جلسہ عام کا اہتمام کرتے ہوئے عملاً انتخابی مہم کا آغاز کردیا تھا ۔ اس کے بعد ضلع نلگنڈہ کے ٹی آر ایس قائدین کا چار مرتبہ اجلاس طلب کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی کے قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ سماج کے طبقات کا علحدہ علحدہ اجلاس طلب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ان کی ترقی و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروائیں ۔ تاحال خواتین ، آسرا پنشن ہولڈرس اورملازمین کا علحدہ علحدہ اجلاس منعقد کیا گیا ہے ۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 5 تا 10 اپریل تک چیف منسٹر کے جلسہ عام کا انعقاد کرنے کے علاوہ کے ٹی آر کے روڈ شو کا شیڈول تیار کیا جارہا ہے ۔