ٹی آر ایس امیدوار دوسرے نمبر پر، بی جے پی امیدوار کے پاس کم اثاثہ جات
حیدرآباد: ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے تمام امیدواروں میں کانگریس کے جانا ریڈی سب سے زیادہ اثاثہ جات کے مالک ہیں۔ جانا ریڈی جو 7 مرتبہ اسمبلی کے لئے منتخب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو جو حلفنامہ داخل کیا ہے ، اس کے مطابق 2018 ء سے ان کی آمدنی میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ 74 سالہ جانا ریڈی کا مقابلہ ٹی آر ایس کے 37 سالہ این بھگت اور بی جے پی کے 36 سالہ ڈاکٹر روی کمار سے ہے ۔ جانا ریڈی نے 36.21 لاکھ مالیتی منقولہ جائیدادوں کا انکشاف کیا ہے ۔ جبکہ غیر منقولہ اثاثہ جات کی مالیت 30.2 لاکھ ہے۔ حلفنامہ میں کہا گیا کہ جانا ریڈی کسی بھی ادارہ کے مقروض نہیں ہیں ۔ جانا ریڈی کی اہلیہ سمتی کے پاس 5.13 کروڑ کے منقولہ اور 10.45 کروڑ غیر منقولہ جائیدادیں ہیں۔ ان کے پاس 507 گرام سونا ، دو ڈائمنڈ نکلس اور دیگر زیورات موجود ہیں۔ ٹی آر ایس امیدوار این بھگت نے 55.33 لاکھ کے منقولہ اور 12.21 لاکھ کے غیر منقولہ اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے ۔ وہ 24.52 لاکھ روپئے کے مقروض ہیں۔ بھگت کی اہلیہ کے پاس 8.5 لاکھ روپئے مالیتی کار کے علاوہ ایک کیلو سونا ، 71.84 لاکھ کے منقولہ اثاثہ جات اور 1.74 لاکھ کے غیر منقولہ اثاثہ جات ہیں۔ بھگت کی اہلیہ 60 لاکھ روپئے مقروض ہیں۔ بھگت 37 لاکھ مالیتی کار کے مالک ہیں۔ بی جے پی امیدوار ڈاکٹر روی کمار کی جانب سے پیش کردہ حلفنامہ کو الیکشن کمیشن نے برسر عام نہیں کیا ہے ۔ اس حلقہ میں جملہ 78 امیدواروں نے پرچہ جات داخل کئے۔