ناگرجنا ساگر میں جانا ریڈی کا موقف مستحکم ، سینئر قائدین کی انتخابی مہم

   

بیروزگار نوجوانوں اورمسلمانوں سے وعدہ خلافی کا الزام، اتم کمار ریڈی اور محمد علی شبیر کا خطاب

حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے آج ناگرجنا ساگر کے ہالیہ میونسپلٹی کے تحت مختلف علاقوں میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ہالیہ میں کانگریس امیدوار جانا ریڈی کی موجودگی میں مختلف جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے علاقہ کی ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ناگرجنا ساگر کی ترقی جانا ریڈی کی مساعی کا نتیجہ ہے۔ ٹی آر ایس نے گذشتہ تین برسوں کے دوران علاقہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ محض اعلانات اور تیقنات تک محدود ہیں اور انہوں نے انتخابات کے موقع پر کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی میں ناکامی کے سبب حالیہ دنوں میں کئی نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ہر طبقہ حکومت سے ناراض ہے اور آئندہ عام انتخابات میں کانگریس کا برسراقتدار آنا یقینی ہے۔ محمد علی شبیر نے چیف منسٹر پر لاکھوں بیروزگار نوجوانوں کی زندگی سے کھلواڑ کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاکتیہ یونیورسٹی کے سنیل نائیک کی خودکشی دراصل سرکاری قتل کے مترادف ہے کیونکہ روزگار سے محرومی کے خدشہ کے تحت اس نوجوان نے خودکشی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 6 برسوں میں بیروزگار نوجوانوں کو حکومت سے مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور سونیا گاندھی نے سنہرے تلنگانہ کی اُمید کے ساتھ نئی ریاست تشکیل دی تھی لیکن کے سی آر نے تلنگانہ کا مستقبل تاریک کردیا ہے۔ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان نے ریاست کو اپنی جاگیر میں تبدیل کردیا ہے۔